ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ڈاکٹر عبد القدیر خان کی خدمات قابل تحسین ہیں:خرم نواز گنڈاپور

دعائیہ تقریب کا انعقاد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی تیسری برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، سردار عمردراز خان، ثاقب بھٹی سمیت دیگر مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ قائم، پہلی بار 100 انڈیکس 95 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا
دعاؤں کا اہتمام
تقریب میں ڈاکٹر عبد القدیر خان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ رہنماؤں نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ باصلاحیت سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کم وسائل کے باوجود پاکستان کو پہلی ایٹمی اسلامی قوت بنایا۔ پاکستانی عوام کے لیے ڈاکٹر عبد القدیر خان رول ماڈل ہیں۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں۔ پاکستانی قوم کے مفاد میں کی جانے والی ڈاکٹر عبد القدیر خان کی محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
ڈاکٹر عبد القدیر خان کی شخصیت
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان ایک ایسی شخصیت ہیں جن کا آنے والی نسلیں بھی عزت و تکریم سے ذکر کریں گی۔ وہ حقیقی معنوں میں قوم کے ایسے ہیرو تھے جن پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے قوم کو عزت و وقار اور جرأت مندانہ طریقے سے زندگی بسر کرنے کا راستہ دکھایا۔ ان کی قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔