جی ایچ کیو حملہ کیس: شیخ رشید کی عمرے پر جانے کی درخواست مسترد
انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی عمرے پر جانے کی درخواست مسترد کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں ڈرونز اور کواڈ کاپٹر اڑانے پر پابندی، دفعہ 144 نافذ
عدالت کی کارروائی
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ سنایا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت میں بیان دیا کہ شیخ رشید احمد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے، جس کے بعد عدالت نے درخواست خارج کر دی۔
عدالت میں پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے نام ای سی ایل میں ڈالا کیونکہ سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیسز کے تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر کو دوسری شادی سے روکنے پر پہلی بیوی پر تشدد، حنا پرویز بٹ نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا
شیخ رشید کا قانونی اقدام
وکیل شیخ رشید نے کہا کہ ہم یہ فیصلہ اور اقدام ہائی کورٹ میں چیلنج کر رہے ہیں، ہائی کورٹ نے عمرے پر جانے کی اجازت دی تھی لہٰذا یہ اقدام توہین عدالت ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ یہ طے کر چکی کسی مقدمے کی بنیاد پر ملزمان کے نام ای سی ایل میں نہیں ڈالے جا سکتے، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نوازشریف، شہباز شریف، پرویز مشرف، ایان علی اور فریال تالپور کیسز میں یہ اصول طے کر چکے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر خارجہ پاکستان کی بورڈ آف پیس میں شمولیت کی حمایت کو سراہتے ہیں
میڈیا سے گفتگو
بعدازاں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں یہ سن کر حیران ہوگیا کہ میرا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، میرا نام دوسری مرتبہ ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے، پہلے میرا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔
مستقبل کے اقدامات
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم دوبارہ ہائی کورٹ میں اس اقدام کو چیلنج کرنے جا رہے ہیں، ہائی کورٹ سے دوبارہ عمرہ اجازت لیں گے اور عمرہ ادائیگی کروں گا.








