بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا
بشرٰی بی بی کی رہائی کا عمل
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ ان کی رہائی گیٹ نمبر 5 سے کی گئی۔ یہ عمل سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں مکمل کیا گیا۔ بشریٰ بی بی سخت سکیورٹی حصار میں جیل سے روانہ ہو گئیں، جبکہ پارٹی کارکنوں نے ان کی گاڑی پر گل پاشی کی۔
یہ بھی پڑھیں: زندگی بدلنے والی سبق آموز داستان
ضمانت کی درخواست کا معاملہ
تفصیلات کے مطابق، توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کے معاملے پر وکلا خالد یوسف اور رائے سلمان امجد عدالت میں پیش ہوئے۔ وکلا، ضامن اور گواہان سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں موجود تھے۔ بشریٰ بی بی کے ضمانتی مچلکے سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں جمع کرائے گئے، جس کے لئے ملک طارق محمود نون نے ضمانتی مچلکہ فراہم کیا۔
عدالتی عمل اور رہائی کی روبکار
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی۔ جج شاہ رخ ارجمند نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار پر دستخط کردیئے۔ بعد ازاں، عدالتی عملہ روبکار لے کر اڈیالہ جیل پہنچا، اور رہائی کی روبکار ملنے کے بعد جیل انتظامیہ نے بشریٰ بی بی کو رہا کردیا۔