سکولوں کی مانیٹرنگ کیلئے 9 کمیٹیاں بن گئیں ،کیا فرائض انجام دیں گی؟ جانیے

نئی کمیٹیوں کا قیام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر تعلیم راناسکندر حیات نے سکولوں کی مانیٹرنگ اور تعلیمی امور کی بہتری کیلئے ڈویژنل سطح پر 9 کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ سیکرٹری ایجوکیشن، ایڈیشنل سیکرٹریز، سپیشل سیکرٹریز اور ممبران ایڈوائزری کمیٹی پر مشتمل یہ کمیٹیاں ماہانہ بنیادوں پر پنجاب بھر کے پبلک سکولوں کا دورہ کریں گی اور تدریسی و دیگر امور کی نگرانی کریں گی۔ اس کے علاوہ سکولوں میں سہولیات کے فقدان کا بھی جائزہ لیتے ہوئے فقدان کو دور کرنے کیلئے کردار ادا کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: احسن ریاض فتیانہ، سابق ایم پی اے، اغوا— مقدمہ درج
کمیٹیوں کی کارروائی
وزیر تعلیم نے کمیٹیوں کو متعلقہ اضلاع میں ماہانہ بنیادوں پر کم از کم 4 سکولوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہانہ 2 بوائز اور 2 گرلز سکولوں کا دورہ کیا جائے۔ انہوں نے کمیٹیوں کو اضلاع کے سی ای اوز کے ساتھ ملکر "کی پرفارمنس انڈیکیٹیز" کا نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے دورہ کی رپورٹس بھی باقاعدگی کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مانیٹرنگ کی جغرافیائی حدود
کمیٹیاں گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال، لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد ڈویژنز کے سکول مانیٹر کریں گی۔ محکمہ تعلیم نے تمام 9 کمیٹیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔