حکومت کا اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 26 روپے تک ریلیف کا اعلان
بجلی سہولت پیکیج کا اعلان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاور ڈویژن نے بجلی سہولت پیکیج کا اعلان کردیا، جس کے تحت سردیوں میں اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ قیمت میں ریلیف دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ، 125 یونین کونسلز کے تمام وارڈز میں امیدوار اتارے جائیں گے
ریلیف کی تفصیلات
پاور ڈویژن کے مطابق اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 26 روپے تک ریلیف دیا جائے گا۔ گزشتہ سال کے مقابلے اضافی بجلی کے استعمال پر ریلیف ملے گا اور اضافی بجلی پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دیا جائے گا۔ یہ بجلی سہولت پیکیج موسم سرما کے 3 ماہ یعنی دسمبر 2024 سے فروری 2025 کے لیے ہوگا۔
صارفین کے لیے فوائد
پاور ڈویژن کے مطابق بجلی سہولت پیکیج کا اطلاق گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر ہوگا۔
- گھریلو صارفین کو ٹیرف پر 11 روپے 42 پیسے سے 26 روپے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا۔
- کمرشل صارفین کو 13 روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا۔
- صنعتی صارفین کو 5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے تک فی یونٹ بچت ہوگی۔








