ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے مراکشی ایئر فورس کے میجر جنرل قدیح کی ملاقات،فوجی تعاون، مشترکہ تربیت اور صنعتی شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال
رائل مراکش ایئر فورس کے انسپکٹر کا دورہ
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) رائل مراکش ایئر فورس کے انسپکٹر میجر جنرل محمد قدیح نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
گارڈ آف آنر کا پیش کرنا
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے دستے نے ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر میجر جنرل محمد قدیح کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
فوجی تعاون اور تربیت پر گفتگو
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فوجی تعاون، مشترکہ تربیت اور صنعتی شعبے میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے انسپکٹر رائل مراکش ایئر فورس کے دورہ پاکستان پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تاریخی تعلقات کی اہمیت
پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں۔ ایئر چیف نے تربیتی میدان میں مکمل تعاون اور شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مشترکہ تربیتی پروگرامز کی خواہش
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فریقین نے مشترکہ تربیتی پروگرامز اور فوجی مشقوں کےلیے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ میجر جنرل محمد قدیح نے پاکستان ایئر فورس کی تکنیکی ترقی کی تعریف کی اور مراکشی فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتیں بڑھانے کیلئے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔
تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا معائنہ
میجر جنرل محمد قدیح نے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر سمیت نیشنل آئی ایس آر اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا۔
نیشنل ایرو اسپیش سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ
میجر جنرل محمد قدیح نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا، انھوں نے جدید ترین تکنیکی ماحولیاتی نظام کی تعریف کی۔