ہرنائی میں جھڑپ، 3 دہشتگرد ہلاک، میجرسمیت 2 جوان شہید

بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا جس سے میجر سمیت 2 جوان شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل میپ قابلِ اعتماد نہیں رہا؟ ایک اور فیملی بھٹک کر گھنے جنگل میں جا پھنسی
دہشگردوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو ہرنائی میں دہشتگردوں کی جانب سے شہریوں کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملی۔ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں فوری طور پر سکیورٹی فورسز کو علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے بھیجا گیا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 3 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: نیا ریکارڈ! اسٹاک مارکیٹ نے 86 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر لی
کارروائی کے دوران جانی نقصان
آئی ایس پی آر کے مطابق دوران آپریشن دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا، دھماکے میں میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد شہید ہو گئے۔
شہیدوں کی شناخت اور خدمات
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد حسیب شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، اُن کی عمر 28 سال تھی۔ میجر محمد حسیب نے 8 سال 6 ماہ تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا۔ اُن کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔
مزید برآں، 38 سالہ حوالدار نور احمد شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے، جنہوں نے 14 سال تک وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔ حوالدار نور احمد کے سوگواران میں اہلیہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔