پنجاب بھر میں “چیف منسٹر انسولین” پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ، لاہور سمیت 3 اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا
پنجاب میں 'چیف منسٹر انسولین' پروگرام کا آغاز
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب بھر میں "چیف منسٹر انسولین" پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور سمیت تین اضلاع میں اس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ذیابیطس سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح ایک تشویشناک امر ہے۔ شوگر کے مؤثر علاج اور اس حوالے سے مزید آگاہی کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
بچوں کے لئے انسولین کی فراہمی
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ "چیف منسٹر انسولین" پروگرام کے تحت ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی۔
انسولین کی فراہمی کے لیے خصوصی کارڈ
مریم نواز نے مزید کہا کہ مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی کارڈ بھی بنائے جائیں گے۔ حکومت پنجاب منظور شدہ کمپنی کی مدد سے انسولین فراہم کرے گی۔ ذیابیطس ٹائپ ون کے مریض مخصوص ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے درخواست دے سکیں گے۔
زیادہ سے زیادہ آگاہی کی ضرورت
انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیشِ نظر ہمیں اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ متوازن غذا اور صحت بخش طرزِ زندگی اپنا کر ذیابیطس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔