صنفی بنیاد پر تشدد عالمی مسئلہ ہے، خواتین کی سماجی زندگی کو متاثر کر رہا ہے: پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ

صنفی تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ سعدیہ تیمور نے 16 روزہ مہم برائے صنفی تشدد کے حوالے سے کہا ہے کہ صنفی بنیاد پر تشدد ایک عالمی مسئلہ ہے جو نہ صرف خواتین کی ذہنی، جسمانی، اور سماجی زندگی کو متاثر کر رہا ہے بلکہ معاشرتی ترقی میں بھی بڑی رکاوٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جب تک 26ویں ترمیم آئین کا حصہ ہے ہم اس کے پابند ہیں، یا تو آپ اس سسٹم کو تسلیم کریں یا پھر وکالت چھوڑ دیں، جسٹس جمال مندوخیل کا حامد خان سے مکالمہ
تشدد سے خواتین کی حفاظت
پارلیمانی سیکرٹری برائے خواتین سعدیہ تیمور نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو ہر قسم کے تشدد سے بچانا ہماری اخلاقی، قانونی، اور سماجی ذمہ داری ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد ایک خاموش وباء کی طرح ہے جس کا خاتمہ صرف حکومتی اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ معاشرتی رویوں کی تبدیلی اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں مریض کا غلط علاج کرنے پر ہسپتال کو 114 ارب روپے کا جرمانہ
ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات
انہوں نے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے تشدد سے متاثرہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے پناہ گاہیں قائم کی ہیں، ساتھ ہی ورکنگ خواتین کی سہولت کے لیے ورکنگ ویمن ہاسٹلز اور ورکرز کی آسانی کے لئے ڈے کیئر سینٹرز بھی بنائے ہیں تاکہ خواتین بچوں کی پریشانی سے آزاد ہو کر اپنے کام پر مکمل توجہ مرکوز کر سکیں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے اس سال ڈے کیئر سینٹرز بنانے کے لئے 1 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے، جس سے پنجاب بھر کے سرکاری محکموں میں 600 سے زائد ڈے کیئر سینٹر قائم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانت منظوری کے بعد کیااب بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا امکان ہے؟
قانونی اور نفسیاتی معاونت
سعدیہ تیمور نے بتایا کہ محکمہ تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کو قانونی معاونت اور نفسیاتی مشاورت بھی فراہم کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کو اپنے حقوق سے آگاہ کرنے کے لئے آگاہی مہمات اور ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
عالمی تحریک کا حصہ
سعدیہ تیمور کا کہنا تھا کہ صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف سولہ روزہ مہم اقوام متحدہ کی جانب سے شروع کی گئی عالمی تحریک کا حصہ ہے، جس کا مقصد خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کے لئے شعور اجاگر کرنا اور عملی اقدامات کو فروغ دینا ہے، ساتھ ہی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے۔