شوہر کے مبینہ تشدد سے بچ کر اٹلی پہنچنے والی پاکستانی خاتون کی کہانی: ‘شادی کی تصویر کزن سے ملنے پر تشدد شروع ہوا’

اٹلی کے چھوٹے سے قصبے ’ریجیو‘ میں واقع ایک پولیس سٹیشن کو ایک پاکستانی نمبر سے موصول ہونے والی کال ایک غیر معمولی بات تھی مگر یہ سرگودھا سے تعلق رکھنے والی خاتون عمارہ (فرضی نام) کی زندگی بدلنے والی تھی۔

’میں پاکستان میں ہوں، میں ایک خاتون ہوں جسے مدد کی ضرورت ہے۔ میرا شوہر مجھے اور میرے بچوں کو مارنا چاہتا ہے۔۔۔ خدارا جلدی کچھ کریں۔‘

اٹلی کی پولیس افسر سے گھبرائی ہوئی آواز میں یہ بات کہنے والی عمارہ کی آخری امید اب اٹلی کے حکام ہی تھے۔

اس فون کال کے دوران اطالوی پولیس افسر نے عمارہ سے واٹس ایپ کے ذریعے اُن پر ہونے والے مبینہ تشدد کی تصاویر بھیجنے کا کہا اور جب یہ تصاویر پولیس افسر تک پہنچیں تو اُن کے لیے اس حوالے سے کوئی نہ کوئی جلد اقدام اٹھانا ناگزیر ہو گیا۔

اطالوی جریدے کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس افسر کو بھیجی گئی تصاویر کے فوراً بعد سرکاری وکیل کی درخواست پر عمارہ کو ایک ویڈیو کال کی گئی جس کے ذریعے اُن کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر کی تصدیق کی گئی۔

یہاں سے اطالوی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایسی تحقیقات کا آغاز جو عمارہ کے بالاخر اٹلی پہنچنے کا باعث بنیں۔

اٹلی میں موجود عمارہ نے Uses in Urdu سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انھوں نے اپنے شوہر کو مبینہ طور پر دوسری شادی کی اجازت دینے کے بدلے اُس سے طلاق کا مطالبہ کیا تھا جس کے باعث انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں تھیں۔

تاہم، اُن کے مطابق، یہ پہلی مرتبہ نہیں تھا جب انھیں اپنے شوہر کی جانب سے تشدد کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ عمارہ کا دعویٰ ہے کہ اُن کی شادی کے ولیمے کے دن سے ہی اُن کے شوہر کی جانب سے اُن پر تشدد کا آغاز ہو گیا تھا۔

عمارہ کا دعویٰ ہے کہ ’شادی کے تیسرے دن ولیمہ تھا اور میں اپنے کمرے میں تیار ہو رہی تھی۔ وہ (خاوند) کمرے میں آئے اور مجھے بتایا کہ میری شادی کی ایک تصویر میرے کزن کے پاس ہے۔‘

’میں نے وضاحت دینے کی کوشش کی لیکن انھوں نے میری کوئی بات نہیں سُنی اور مجھ پر تشدد کیا۔‘

’18 برس تک جاری رہنے والا جسمانی اور ذہنی تشدد کا سلسلہ‘

’18 برس تک جاری رہنے والا جسمانی اور ذہنی تشدد کا سلسلہ‘

عمارہ کا دعویٰ ہے کہ ولیمے کے روز شروع ہونے والے ذہنی اور جسمانی تشدد کا سلسلہ آئندہ 18 برسوں تک جاری رہا اور بات اس حد تک بڑھ گئی کہ انھیں اس ظلم سے نجات حاصل کرنے کے لیے اطالوی حکومت سے مدد مانگنی پڑی۔

عمارہ کی شادی پاکستان کے شہر سرگودھا میں رہنے والے اپنے کزن سے ہوئی تھی۔ شوہر کے پاس اٹلی کی شہریت موجود تھی چنانچہ وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد پاکستان سے اٹلی منتقل ہو گئیں، مگر ان کا پاکستان آنا جانا رہتا تھا۔

اُن کے تین بچے ہیں جو کہ اطالوی شہری ہیں جبکہ اس دوران عمارہ کو بھی اٹلی کی مستقل شہریت مل گئی۔

عمارہ کا کہنا ہے کہ شادی کے وقت ان کی عمر صرف 18 برس تھی اور شاید اسی لیے پہلی مرتبہ تشدد ہونے پر انھوں نے اپنے لیے آواز بلند نہیں کی ورنہ ’شاید ظلم کا سلسلہ وہیں تھم جاتا۔‘

30 اکتوبر کو اٹلی کی ایک مقامی عدالت نے ملزم شوہر کو عمارہ سے ملنے سے روک دیا تھا اور اس حوالے سے حکام سے ضروری اقدامات کرنے کا کہا تھا۔ رواں ماہ (نومبر) کے وسط میں جب عمارہ کے شوہر اٹلی پہنچے تو انھیں پولیس کی جانب سے ایک الیکٹرانک بریسلٹ پہنایا گیا تاکہ ان کی آمد و رفت پر نظر رکھی جا سکے۔

ملزم کے خلاف اٹلی کی عدالت میں مقدمہ چل رہا اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کھلبلی: ڈاکٹر ذاکر نائیک کی پاکستان آمد

والدین اور پولیس سے مدد کی امید

والدین اور پولیس سے مدد کی امید

عمارہ کے مطابق انھوں نے گذشتہ 18 برسوں میں پاکستان آمد پر متعدد مرتبہ اپنے والدین کو اپنے شوہر کے رویے کا بتایا لیکن ان کے والدین نے یہ کہہ کر بات ٹال دی کہ ’وہ تمہارا شوہر ہے، کچھ بھی کر سکتا ہے۔‘

عمارہ کا دعویٰ ہے کہ ’میں مار کھا کر اپنے والدین کے گھر جاتی تو وہ مجھے واپس بھیج دیتے۔‘

پاکستان میں حالیہ برسوں میں خواتین پر گھریلو تشدد کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

سنہ 2023 میں پاکستان کی ایک پارلیمانی کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ صرف پنجاب میں خواتین پر گھریلو تشدد کے 10201 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

اپنے شوہر کے رویے پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’اکثر اوقات اس طرح ہوتا تھا کہ وہ باہر جا رہے ہوتے تھے اور جوتے پہن کر آ جاتے اور کہتے کہ ذرا انھیں چمکا دو۔‘

’میں کبھی کبھار کہہ دیتی تھی کہ جوتے اتار کر دے دیں، میں چمکا دیتی ہوں تو اس بات پر بھی مجھے مارتے تھے۔‘

عمارہ اپنی کہانی سناتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ گذشتہ سال نومبر میں پاکستان آئیں اور اس کے بعد رواں سال اکتوبر تک ان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ناقابلِ بیان ہے۔

ان کے مطابق وہ زیادہ پڑھی لکھی نہیں ہیں لیکن انہیں پینٹنگ کا شوق تھا اور وہ اپنی بنائی ہوئی پینٹنگز ہی بیچ کر کچھ پیسے بھی کماتی تھیں، مگر یہ شوق ان کے شوہر کو پسند نہیں آیا۔

’جب ہم گذشتہ سال نومبر میں پاکستان آئے تو میرے شوہر نے مجھے بہت مارا اور اس کے بعد انہوں نے مجھ سے میرے سارے پیسے، کاغذات، موبائل اور بچوں کے پاسپورٹ چھین لیے۔‘

جب عمارہ کو اپنے والدین سے بھی مدد نہ ملی تو انہوں نے پاکستانی حکومت اور پولیس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت کے انسانی حقوق سیل میں بھی شکایت درج کروائی اور رواں سال اگست میں مقدمہ بھی درج کروایا، لیکن عمارہ کے مطابق انہیں پھر بھی روزانہ کے تشدد سے چھٹکارا نہیں مل سکا۔

دوسری جانب سرگودھا پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمارہ کی شکایت پر انہیں قانون کے مطابق مدد فراہم کی گئی تھی اور انہیں عمارہ کی جانب سے گھریلو تشدد کی شکایات برسوں سے مل رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق ’ایک دفعہ انہیں دارالامان بھی بھیجا گیا تھا مگر بعد میں انہوں نے اپنے شوہر سے صلح کر لی تھی۔‘

یہ بھی پڑھیں: مریم پنجاب کے ہسپتالوں کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں، اپنا علاج باہر سے کراتی ہیں: بیرسٹر سیف

اٹلی میں بچوں کے اساتذہ اور کمیونٹی سینٹر سے رابطے

بالآخر وہ وقت بھی آیا جب عمارہ نے اٹلی کی حکومت سے مدد مانگنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے مرحلے میں انہوں نے اٹلی میں اپنے بچوں کے اساتذہ سے ای میل کے ذریعے رابطہ کیا اور انہیں اپنی حالت سے آگاہ کیا۔

’اساتذہ نے مجھے تسلی دی اور ایک مہم شروع کی جس کے تحت انہوں نے اٹلی میں ایک کمیونٹی سینٹر سے رابطہ قائم کیا۔‘

عمارہ کا کہنا تھا کہ کمیونٹی سینٹر نے ان سے تشدد کی تصاویر وغیرہ مانگی تھیں۔

کمیونٹی سینٹر کے متحرک ہونے کے بعد پاکستان میں اٹلی کا سفارتخانہ بھی متحرک ہوا اور انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اپنی ایک ٹیم سرگودھا بھیجی۔

’وہ ٹیم اس کالونی بھی آئی جہاں میرے شوہر کا گھر تھا اور انھوں نے میرے بھائی سے رابطہ کیا تھا لیکن میرے گھر والوں نے مجھے اس ٹیم سے ملنے نہیں دیا۔‘

اس صورتحال میں بالآخر عمارہ نے سرگودھا سے اسلام آباد میں واقع اٹلی کے سفارتخانے جانے کا فیصلہ کیا۔

’مجھے تھوڑی بہت اطالوی زبان آتی تھی، میں نے سفارتخانے کے عملے کو اپنا نام وغیرہ بتایا، ان کو میرے کیس کا پتا تھا۔‘

نئی زندگی کی شروعات

عمارہ کہتی ہیں کہ انھوں نے سفیر کو ساری صورتحال بتائی اور ان کو بتایا کہ ’اب یہ مجھے جان سے مار دیں گے، بچوں کے مستقبل کا بھی سوال ہے۔‘

اس پر سفیر نے مجھے اور بچوں کو رہائش کے لیے محفوظ جگہ فراہم کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سفارت خانے نے اس دوران میرے مستقل رہائش کے کاغذات اور بچوں کے پاسپورٹ کا انتظار کیا اور ہمیں چھ اکتوبر کو اٹلی بھجوا دیا۔

اب عمارہ اپنے بچوں کے ہمراہ اٹلی میں ایک کمیونٹی سینٹر میں رہ رہی ہیں۔

’مجھے کمیونٹی سینٹر اور بچوں کے اساتذہ نے کہا کہ نئی زندگی شروع کریں اور وہ اس میں میری مدد کریں گے۔‘

عمارہ کا کہنا ہے کہ انھیں پینٹنگ کا شوق ہے اور انھیں زندگی میں بھی رنگ بھرنے کا شوق ہے۔

ابھی تک میں نے اس طرح زندگی شروع نہیں کی جس طرح کرنی چاہیے۔ مگر مجھے اب اپنی باقی زندگی اپنے بچوں کے لیے جینی ہے اور میں ان کی زندگی میں خوشی کے رنگ بھرنے کی بھرپور کوشش کروں گی۔‘

Related Articles

Back to top button
Doctors Team
Last active less than 5 minutes ago
Vasily
Vasily
Eugene
Eugene
Julia
Julia
Send us a message. We will reply as soon as we can!
Mehwish Hiyat Pakistani Doctor
Mehwish Sabir Pakistani Doctor
Ali Hamza Pakistani Doctor
Maryam Pakistani Doctor
Doctors Team
Online
Mehwish Hiyat Pakistani Doctor
Dr. Mehwish Hiyat
Online
Today
08:45

اپنا پورا سوال انٹر کر کے سبمٹ کریں۔ دستیاب ڈاکٹر آپ کو 1-2 منٹ میں جواب دے گا۔

Bot

We use provided personal data for support purposes only

chat with a doctor
Type a message here...