ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جاسکتی: عطاءتارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات کا بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
معاشی ترقی کا عندیہ
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اس وقت ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ پاکستان میں 7 ماہ کے دوران کئی غیر ملکی وفود نے دورہ کیا، پی آئی اے کی یورپ کے لئے پروازوں کی بحالی پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے جبکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔
تحریک انصاف کے احتجاج پر تبصرہ
تحریک انصاف کے احتجاج اور بعد کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی والے لاشوں سے متعلق پرانی ویڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں۔ ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جھوٹے پراپیگنڈے کے خلاف مہم
عطا تارڑ نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے جھوٹا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی والے سکیورٹی اہل کاروں کی فائرنگ کا جھوٹا پراپیگنڈا کررہے ہیں۔
خون آلود تصویر کا معاملہ
انہوں نے کہا کہ ایک ایسی تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں بلیو ایریا کی سڑک کو ’خون آلود‘ دکھایا گیا تھا، جس کے بعد میں نے اس سڑک پر جا کر ویڈیو بنائی اور ایک ایک انچ دکھایا جہاں خون کا ایک دھبہ تک نہیں تھا۔
غیرمصدقہ معلومات کا رد
وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی تک 3 دن گزر چکے ہیں لیکن یہ جماعت فائرنگ کی کوئی ایک تصویر یا ویڈیو پیش نہیں کر سکی۔ پی ٹی آئی کے رہنماﺅں کی جانب سے مظاہرین کی ہلاکتوں کے متضاد اعداد و شمار کے دعوے کئے گئے لیکن پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کوئی لاش نہیں لائی گئی۔