شاہزیب خان: لگاتار سنچریاں بنانے والے اوپنر جو بابر اور سعید انور کے مداح ہیں
بڑے بھائی سے متاثر ہو کر ٹیپ بال سے کرکٹ کی شروعات کرنے والے 19 سالہ شاہزیب خان کو انڈر 19 ایشیا کپ میں انڈیا کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم کے خلاف بھی شاندار پرفارمنس کرنے پر خوب سراہا جا رہا ہے۔
پی سی بی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پاکستان انڈر 19 کے اوپننگ بیٹسمین شاہزیب کہتے ہیں کہ ’ویسے تو میں کسی کو کاپی نہیں کرتا لیکن لیفٹ ہینڈرز خاص طور پر سعید انور (سابق پاکستانی کرکٹر) کی بیٹنگ بہت انجوائے کرتا ہوں۔‘
اور شاید سعید انور کی مانند جم کر کھیلنے کی کوشش ہی ان کا خاصہ دکھائی دیتی ہے۔
پیر کو دوبئی میں ایشیا کپ کے میچ میں یو اے ای کے خلاف پاکستان نے 314 رنز سکور کیے اور 69 رنز سے فتح حاصل کی۔ اس کامیابی میں شاہزیب خان کی 132 رنز کی شاندار پرفارمنس بھی شامل تھی۔
انھوں نے گیارہ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے یہ سکور بنایا۔ ان کے علاوہ ریاض اللہ نے 106 رنز سکور کیے۔ جبکہ قومی ٹیم کے بالر عبدل سبحان نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے اس سے قبل بائیں بازو سے کھیلنے والے اوپنر شاہزیب نے ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف 159 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انھوں نے اب تک کھیلی جانے والی 27 اننگز میں آٹھ نصف اور پانچ سنچریاں سکور کی ہیں۔
شاہزیب خان کی بیٹنگ سٹریٹجی: ’پہلے جا کر وکٹ دیکھتا ہوں‘
شاہزیب کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر مانسہرہ سے ہے۔
وہ بتاتے ہیں کہ ان کے بڑے بھائی بھی کرکٹ کھیلتے تھے اور شاہزیب جا کر ان کے میچز دیکھتے تھے۔ شاید بڑے بھائی کی وجہ سے ہی گھر والوں نے ناصرف ان کا ساتھ دیا بلکہ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
اپنی بیٹنگ سٹریٹیجی کے متعلق شاہزیب بتاتے ہیں کہ ’شروع کے اوورز میں تھوڑی جدوجہد کرنی پڑتی ہے، یہی ٹارگٹ ہوتا ہے کہ آرام آرام سے پہلے 10 رنز، پھر مزید 10 رنز اور اسی طرح آرام آرام سے لمبا کھیلتا ہوں۔‘
جیسا کہ ہم نے اوپر بتایا کہ شاہزیب کسی کو کاپی تو نہیں کرتے مگر سعید انور کی بیٹنگ بہت انجوائے کرتے ہیں۔
کرکٹ کے تجزیہ کار مظہر ارشد کو دیے ایک انٹرویو میں شاہزیب نے بتایا کہ حالیہ پاکستانی ٹیم میں ان کے پسندیدہ کھلاڑی بابر اعظم ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش سیریز سے قبل ان کی بابر سے ملاقات بھی ہوئی جس میں سابق پاکستانی کپتان نے انھیں ’بیٹنگ ٹپس دی تھیں۔‘
انڈیا سے کھیلے گئے میچ کے بعد ایک انٹرویو میں شاہزیب نے اپنی حکمتِ عملی کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے جا کر وکٹ دیکھتے ہیں کہ کس قسم کے بالر کو سپورٹ فراہم کر رہی ہے اور (ان کے اندازے کے حساب سے) انڈیا والے میچ میں وکٹ فاسٹ بالروں کو سپورٹ فراہم کر رہی تھی۔
لہذا جب سپنزز آئے تو ’میں نے یہی فیصلہ کیا کہ جو بال میری رینج میں ملے گا اسے باؤنڈری کی جانب کھیلنے کی کوشش کروں گا اور خدا نے مجھے کامیاب کیا۔‘
انھوں نے سنہ 2018 میں کرکٹ اکیڈمی جوائن کی اور پھر انڈر 13 کے لیے کھیلا، پھر 2021-21 میں انڈر 16 اور پھر انڈر 19 اور اس کے بعد ایک سال پی جی ایل (پاکستان جونئیر لیگ) کھیلے ہیں۔
انھوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش سیریز کے علاوہ ایشیا کپ میں بھی کرکٹ کھیلی ہے۔
سوشل میڈیا پر دنیا بھر سے کرکٹ کے شائقین شاہزیب کی کرکٹ کو انجوائے کرتے اور انھیں سراہتے نظر آتے ہیں۔
موہی شاہ نے لکھا ’مانسہرہ کے علاقے عطر شیشہ سے تعلق رکھنے والے شاہزیب کیا کمال کا ٹیلنٹ رکھتے ہیں۔‘
انھوں نے پی سی بی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ’ایسے کرکٹرز کو پروموٹ کرنا چاہیے۔ ان کے پاس ٹیلنٹ بہت ہے، اگر ان کی درست رہنمائی کی جائے تو سینیئر لیول پر بڑے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔‘
سوشل میڈیا صارفین جہاں شاہزیب کی تعریف کر رہے ہیں، وہیں ان کی پروفائل اور اب تک کھیلے جانے والے میچز کی تفصیلات بھی پوسٹ کر رہے ہیں۔
مبشر اسلم نے لکھا کہ پچھلے دس میچوں میں انھوں نے 60 رنز کی اوسط کے ساتھ 540 رنز بنائے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ "یقیناً شاہ زیب پاکستان کا مستقبل ہیں۔"
اشیش نامی صارف نے لکھا ہے کہ "شاہزیب (کرکٹ کے کھیل میں) حکمرانی کرنے کے لیے آئے ہیں۔"
انھوں نے شاہزیب کو مستقبل کا روشن ستارہ قرار دیا اور کہا کہ "ان کے کچھ شارٹس مجھے سعید انور کی یاد دلا رہے ہیں اور حیرت انگیز طور پر ان کے پسندیدہ کھلاڑی بھی سعید انور ہیں۔"
سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی پاکستان ٹیلی ویژن پر ایک پروگرام میں شاہزیب کی انڈیا کے خلاف شاندار پرفارمنس پر انھیں سراہا اور کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پورے میچ میں ان کا غلبہ رہا۔
شیرازی نامی صارف نے ایکس پر اپنے کمنٹ میں کہا کہ مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے انیس سالہ شاہ زیب خان انڈر 19 کرکٹ کے اگلے بابر اعظم ہیں۔
توصیف خٹک نے لکھا کہ شاہ زیب انڈر 19 کے مکمل بیٹسمن دکھائی دیتے ہیں۔ میچورٹی، کھیل کی سمجھ اور مناسب تکنیک انہیں منفرد بناتی ہے، ہمیشہ ایسے ٹیلنٹ کو پرفارم کرتے دیکھنا اچھا لگتا ہے۔
یو اے ای کی خلاف پرفارمنس کے بعد ایکس پر حارث نامی صارف نے لکھا: "ایک اور دن ایک اور سنچری۔۔۔ بہت ہی ٹیلنٹڈ ہیں شاہ زیب خان۔"
شاہ زیب کی سنچریوں پر کمنٹ کرتے ہوئے حارث نے لکھا کہ "وہ حیرت انگیز حد تک آسانی سے سنچری بنا لیتے ہیں۔"