جب کوئی مسافر گاڑی اسٹیشن پر آ کر رکتی ہے تو مختلف شعبوں کے عملے کے افراد حرکت میں آ جاتے ہیں

مصنف: محمد سعید جاوید
قسط: 92
یہ بھی پڑھیں: جرمنی کے شہر میں ‘موت کا جال’ کہلانے والے انسانی سمگلنگ کے کاروبار کی گہرائی اور وسعت کتنی ہے؟
تکنیکی عملہ
بڑے اسٹیشن پر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر طرح کا تکنیکی عملہ موجود رہتا ہے، جو گاڑیوں، انجنوں، اسٹیشنوں کی عمارتوں وغیرہ میں نصب برقی اور میکانکی آلات کی ابتدائی مرمت کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ بڑے اور پیچیدہ کام کی صورت میں اسٹیشن پر ہی قائم ورکشاپ سے اضافی اور سینئر عملے کو بلوا لیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عادل بازئی نے بجٹ میں ووٹ دیا نہ آئینی ترمیم میں، پارٹی پالیسی سے انحراف پر نااہل کیا جائے، وکیل الیکشن کمیشن
پانی بھرنے والا عملہ
جیسے ہی کوئی مسافر گاڑی اسٹیشن پر آ کر رکتی ہے تو مختلف شعبوں کے عملے کے افراد حرکت میں آ جاتے ہیں۔ اْن میں سے کچھ تو چھلانگ لگا کر گاڑی کی چھت پر چڑھ جاتے ہیں اور وہاں اوپر لگے ہوئے پانی کے بڑے بڑے پائپوں کے ذریعے ہر ڈبے کی چھت پر بنی ہوئی پانی ذخیرہ کرنے والی ٹینکیوں کو پھرسے بھر دیتے ہیں جو کہ اکثر راہ میں استعمال ہوجانے کے سبب خالی ہو جاتی ہیں۔
جب اسٹیم انجن چلتے تھے تو ان میں بہت زیادہ پانی استعمال ہوتا تھا۔ انجن میں پانی بھرنے کے لیے پلیٹ فارم سے کچھ فاصلے پر پانی کے بہت بڑے اور بلند ٹینک بنائے جاتے تھے۔ وقت ضرورت انجن کو لے جا کر اس ٹینک کے نیچے کھڑا کر دیا جاتا تھا اور پھر وہاں کا عملہ اور فائرمین ایک پائپ کے ذریعے انجن کی بڑی سی ٹینکی کو لبا لب بھر لیا کرتے تھے۔ جب یہ پانی انجن کے گرم گرم پْرزوں پر گرتا تھا تو اس سے پیدا ہونے والی بھاپ اور شوں شوں کی آواز بڑا لطف دیتی تھی۔ یہ عملہ اس بات کو بھی یقینی بنائے رکھتا تھا کہ انجن میں لگی ہوئی اضافی ٹینکیوں میں بھی ہر وقت پانی بھرا رہے۔
بکنگ اور انکوائری کا عملہ
بڑے اسٹیشنوں کے بکنگ آفس بہت مصروف ہوتے ہیں اور ان کے دفتر کی بہت سی کھڑکیاں ہوتی ہیں جو گاڑی کی منزل اور روٹ کے مطابق ترتیب دیا جاتا ہے۔ یہاں سے مختلف شہروں اور گاڑیوں کے علاوہ پلیٹ فارم ٹکٹوں کی فروخت، نشستوں کی پیشگی بکنگ، سفر نہ کر سکنے والے مسافروں کو ٹکٹ کی رقم کی واپسی، غرض ہر کام کے لیے علیحدہ کھڑکی یا کاؤنٹر بنے ہوئے ہوتے ہیں۔ جن کے ساتھ پیچھے رہ کر ان کی معاونت کرنے والا اور حساب کتاب رکھنے والا عملہ بھی موجود ہوتا ہے۔
اب تو خیر وقت بدل گیا ہے اور بڑے اسٹیشنوں پر ساری ٹکٹ کمپیوٹر سے ہی جاری ہوتے ہیں جو نشست کی بکنگ ہوتے ہی ایک خودکار طریقے سے چھپ کر باہر آ جاتے ہیں۔ لیکن ایک عام اسٹیشن پر، جہاں یہ سہولت میسر نہیں ہے، ٹکٹوں کے اجرا کے لیے وہی صدیوں پرانا طریقہ رائج ہے۔ وہاں ٹکٹ دروازوں والی ایک چوبی الماری میں رکھے ہوتے ہیں جن میں بہت سے چھوٹے چھوٹے خانے بنے ہوتے ہیں جہاں مختلف اسٹیشنوں کے لیے پہلے سے ہی طبع شدہ گتے کے چھوٹے چھوٹے ٹکٹوں کے بنڈل ایک ترتیب سے رکھے ہوئے ہوتے ہیں جن پر جاری کرنے والے اسٹیشن اور منزل مقصود کے اسٹیشن کا نام اور کرایے کی رقم پہلے سے ہی چھپی ہوئی ہوتی ہے۔ اسٹیشن ماسٹر یا اس کا نمائندہ یہاں سے متعلقہ اسٹیشن کا ٹکٹ اٹھا کر جب پاس ہی پڑی ہوئی دستی مشین میں ڈال کر لیور کو دباتا ہے تو اس ٹکٹ پر اجراء کی تاریخ نقش ہو جاتی ہے جس سے یہ ٹکٹ صرف ایک دفعہ اور اسی دن کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب "بک ہوم" نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں) ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔