گلوکارہ کیٹی پیری کی طرح اگر آپ بھی خلا کا سفر کرنا چاہیں تو کتنے پیسے لگیں گے؟

کیٹی پیری کا خلا میں سفر
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف پاپ گلوکارہ کیٹی پیری نے جیف بیزوس کی کمپنی بلو اوریجن کے راکٹ کے ذریعے خلا کا سفر کیا اور بخیریت زمین پر واپس آگئیں۔ یہ سفر ایک آل ویمن مشن کا حصہ تھا جس میں جیف بیزوس کی منگیتر لورین سانچیز بھی شامل تھیں۔ یہ راکٹ امریکہ کے مغربی ٹیکساس سے روانہ ہوا اور زمین سے تقریباً 60 میل کی بلندی تک پہنچا، جہاں سے وہ صرف دس منٹ بعد واپس آ گیا۔ خلا سے واپسی پر کیٹی پیری نے جذباتی انداز میں زمین کو چوما اور اپنے تجربے کو "10 میں سے 10" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ اُنہیں اپنے اندر چھپی محبت کی گہرائی کا احساس دلانے والا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے کارکنان اسمبلی کی عمارت میں داخل، شدید نعرے بازی
خلا میں گانا گانے کا موقع
خلا میں کیٹی پیری نے مشہور گانا "What A Wonderful World" بھی گایا جس کا انکشاف معروف ٹی وی میزبان گیل کنگ نے کیا، جو خود بھی اس سفر کا حصہ تھیں۔ کیٹی پیری نے بعد ازاں کہا کہ یہ سفر ان کے لیے صرف انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی جذبے کی علامت تھا، تاکہ مستقبل کی خواتین کے لیے خلا میں جگہ بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اپوزیشن خصوصا ًپی ٹی آئی ایوان میں فوری اور بامقصد مذاکرات کریں،ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان
عام لوگوں کے لیے خلا کا سفر
نیوز 18 کے مطابق کیٹی پیری کی طرح عام افراد کے لیے بھی خلا کا سفر ممکن ہے، بشرطیکہ ان کے پاس بہت زیادہ پیسہ ہو یا وہ اتنے معروف ہوں کہ کسی اعزازی مہمان کے طور پر بلائے جا سکیں۔ اگر کوئی کیٹی پیری جیسا ہی خلا کا تجربہ چاہے تو بلو اوریجن کی ویب سائٹ کے مطابق ابتدائی رجسٹریشن کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا ریفنڈیبل ڈپازٹ دینا پڑتا ہے۔ کمپنی نے 2021 میں اپنی پہلی پرواز کی نشست نیلامی کے ذریعے 28 ملین ڈالر (تقریباً 7 ارب 86 کروڑ روپے) میں فروخت کی تھی۔
دیگر کمپنیوں کی پیشکشیں
دیگر کمپنیوں میں ورجن گیلیکٹک ایک 90 منٹ کے خلائی سفر کے لیے 45 ہزار ڈالر چارج کر رہی ہے، جبکہ سپیس پرسپیکٹو نامی کمپنی 6 گھنٹے کے سٹریٹوسفیر ٹرپ کے لیے ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر لے رہی ہے۔ ٹیکساس کی ایک کمپنی ایکزیئم سپیس 10 دن کے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن کے سفر کے لیے 55 ملین ڈالر وصول کر رہی ہے۔