اب میں بھارت میں کام کرنے کے لیے تیار ہوں، خلیل الرحمان قمر پاکستانیوں سے ناراض ہو گئے۔

خلیل الرحمٰن قمر کا بھارت میں کام کرنے کا فیصلہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے بھارت کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ حال ہی میں، معروف مصنف خلیل الرحمان قمر نے نجی یوٹیوب چینل کے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ہنی ٹریپ کے واقعے پر کھل کر بات کی اور کہا کہ "اب میں بھارت میں کام کرنے کے لیے تیار ہوں"۔
یہ بھی پڑھیں: 68 سالہ اداکارہ نے مرے ہوئے بیٹے کے نطفے سے بچی کو جنم دے دیا
ہیروز کی عزت نہ کرنے پر افسوس
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ ہم اپنے ہیروز کی عزت نہیں کرتے، یہاں ہیروز کو مجرم بنانے کا رجحان ہے۔ مشہور ڈرامے "میرے پاس تم ہو" کے مصنف نے بتایا کہ جب وہ بھارت جاتے تھے، تو وہاں کے لوگ ان کی بہت عزت کرتے تھے، بعض اوقات تو اپنے والدین سے بڑھ کر۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اداکار ان کی اتنی عزت کرتے تھے کہ اکثر فون پر بات کرتے وقت رونے لگتے تھے، مگر پاکستانی شائقین کا رویہ دیکھ کر انہیں تکلیف ہوتی ہے۔
بھارت کے لیے لکھنے کا ارادہ
خلیل الرحمٰن قمر نے یہ بھی کہا کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے لکھنے سے انکار کرتے رہے ہیں، مگر اب ان کا فیصلہ بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو سلوک ان کے ساتھ ہوا ہے اس نے ان کی محبت پر ضرب لگائی ہے، اور ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔ اس لیے اب وہ ذاتی طور پر بھارت کے لیے کام کرنا پسند کریں گے۔