دوران ڈیوٹی سرکاری ہتھیار، گولیاں چوری کرنے والے 2 پولیس اہلکار گرفتار، دراصل کس سے تعلق نکلا؟ تہلکہ خیز انکشاف

کراچی میں کارروائی
کراچی(آئی این پی) سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ کی خفیہ اطلاع پر کراچی میں طارق روڈ جھیل پارک کے قریب کارروائی میں ڈیوٹی کے دوران سرکاری ہتھیار اور گولیاں چوری کرنے والے 2 پولیس اہلکار گرفتار کر لئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے انٹرنیٹ کے سست ہونے کی ایسی وجہ بتا دی کہ جان کر آپ کی ہنسی نہیں رکے گی
گرفتار اہلکاروں کی تفصیلات
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق ناجائز اسلحے کی ترسیل روکنے کے لیے بنائے گئے آرمز ٹریفکنگ اینڈ مانیٹرنگ ڈیسک کی جانب سے کی گئی کارروائی میں گرفتار پولیس کانسٹیبلز کے قبضے سے بڑی تعداد میں ناجائز اور سرکاری اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ گرفتار اہلکاروں میں عبدالقادر میمن اور اویس احمد عرف باکسر عرف لمبا شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان 2023 میں پولیس کانسٹیبل بھرتی ہوئے تھے، جو بھرتی کے بعد سے ہی غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت میں ملوث رہے، ان میں سے ایک پولیس اہلکار عبدالقادر میٹھادر تھانے میں تعینات ہے، جب کہ اہلکار اویس شاہین فورس کیماڑی میں تعینات ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صوبے کا امن ہماری ترجیحات اور آج کے جرگہ کا اکلوتا ایجنڈا ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی
چوری کی تفصیلات
راجہ عمر خطاب کے مطابق پولیس اہلکار اویس نے ابتدائی انٹروگیشن میں اہم انکشافات کیے ہیں۔ ملزم نے دوران ڈیوٹی تھانہ مدینہ کالونی کے کوت میں چوری کی، کوت سے 3 سرکاری پستول چوری کر کے کانسٹیبل عبدالقادر کے ذریعے فروخت کیے گئے، جب کہ پولیس اہلکار عبدالقادر نے دوران ڈیوٹی کلاشنکوف اور 9 ایم ایم کی درجنوں گولیاں چوری کیں۔ انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق چوری شدہ گولیوں کو فروخت کر دیا جاتا تھا۔
غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت
ملزمان کا تعلق خیبر پختونخوا میں بخت تاج اور سرزمین نامی اسلحہ ڈیلروں سے ہے۔ گرفتار کانسٹیبلز کے پی کے سے بھی اسلحہ منگوا کر فروخت کرتے تھے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔