بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے، کیا نقصان ہوا اور آج دن میں کیا کیا جائے گا؟ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام تر تفصیلات سے قوم کو آگاہ کردیا۔

بھارت کی جارحیت پر پاک فوج کا جواب
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بھارت کی پاکستان کے خلاف رات گئے کی جانے والی جارحیت پر تازہ ترین صورت حال سے قوم کو آگاہ کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے چھ مختلف جگہوں کو نشانہ بنایا اور 24 حملے کیے۔ ان حملوں میں چار مساجد کو شہید کیا گیا جب کہ شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آٹھ معصوم پاکستانی شہید ہوئے جن میں ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہے جب کہ 35 افراد زخمی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کی کرائم رپورٹرزایسوسی ایشن اور پی یو جے کے نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد
ہنگامی پریس کانفرنس کا خلاصہ
ڈی جی آئی ایس پی آر نے رات چار بجے کے بعد ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آج رات بزدل بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال جارحیت کرکے معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کیا۔ پاک افواج اس دشمن کی اس جارحیت کا مکمل اور بھرپور جواب دے رہی ہیں، بھارت کو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بھارت نے چھ جگہوں کو نشانہ بنایا جن میں مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرکے 24 حملے کیے گئے۔ ان حملوں میں آٹھ پاکستانی شہید جب کہ 35 زخمی ہوئے، بھارتی حملوں کے بعد سے دو شہری لاپتا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام واقعہ پر بی جے پی رہنما بوکھلاہٹ کا شکار، عام اینٹینا کو خفیہ ڈیوائس سمجھ بیٹھے، کشمیریوں پر الزام بھی تھوپ دیا
حملوں کی تفصیلات
1. احمد پور شرقیہ: مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا اور چار حملے ہوئے، یہاں پانچ بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے جن میں ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہے۔ 31 معصوم شہری زخمی ہوئے ہیں۔
2. مظفر آباد: مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، سات حملے کیے گئے جن کے نتیجے میں ایک بچی زخمی اور ایک مسجد شہید ہوئی۔
3. کوٹلی: مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا، پانچ حملے ہوئے جن میں دو افراد شہید ہوئے۔
4. مریدکے: مسجد ام القرا پر چار حملے کیے گئے جس میں ایک مرد شہید اور ایک مرد زخمی ہوا ہے، یہاں دو افراد لاپتا ہیں۔
5. سیالکوٹ: ایک گاؤں کوٹلی لوہاراں میں دو حملے کیے گئے، ایک گولہ مس فائر ہوا۔
6. شکر گڑھ: دو حملے کیے گئے جن میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
پاک فوج کی تیاری اور میڈیا کا کردار
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دشمن کے اس بزدلانہ، بلا اشتعال، بلاجواز حملے کا بھرپور جواب پاکستانی افواج پاکستانی قوم کی حمایت سے بھرپور انداز میں دے رہی ہیں اور دیتی رہیں گی۔ انہوں نے اعلام کیا کہ بھارت کی جارحیت کے متاثرہ مقامات پر میڈیا کو لے جایا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر بھارت کی اس ننگی جارحیت کو آشکار کیا جا سکے۔