کیا حمزہ علی عباسی اب پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں؟

حمزہ علی عباسی کا سیاست پر اظہار خیال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان شوبز کے معروف اداکار و ماڈل حمزہ علی عباسی نے ماضی میں پاکستان تحریکِ انصاف میں اپنے کردار اور سیاست سے متعلق اظہارِ خیال کیا ہے۔
پہلا انٹرویو
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق حال ہی میں اداکار نے جیو پوڈکاسٹ میں انٹرویو دیا جس میں انہوں نے کئی موضوعات پر گفتگو کی۔ حمزہ نے کہا کہ میں صرف ایک تحریک کا حصہ تھا، میں نے کبھی بھی سیاست کو بطور کیریئر نہیں اپنایا تھا۔
سیاست میں شرکت کا فیصلہ
مجھے جب عمران خان نے پی ٹی آئی کا ثقافت سیکرٹری مقرر کیا تو میں نے اس وقت بھی انہیں منع کیا تھا۔ میں نے انہیں بتایا تھا کہ مستقبل میں، میں سیاست میں نہیں آؤں گا۔
موجودہ سیاسی حالات
پوڈکاسٹ کے دوران میزبان مبشر ہاشمی کے سوال کے جواب میں حمزہ علی عباسی نے موجودہ سیاسی حالات پر مشورہ اور اپنی رائے کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملات بہت آگے چلے گئے ہیں، جیل جانے والے اور عمران خان کو جیل بھیجنے والوں کو اب ایک دو دو قدم پیچھے ہٹنا چاہئے۔
ملک کی بہتری کی ضرورت
اداکار نے مزید کہا کہ ملک کے حالات تاحال بہتر ہیں مگر یہ خراب بھی ہو سکتے ہیں۔ حالات میں مستقل سدھار لانے کےلئے سب کو مل کر ایک ساتھ چلنے کی ضرورت ہے۔