یو اے ای: سوشل میڈیا پر کمنٹس کرنا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا، 50 لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد

متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا کی ہتک عزت کا معاملہ
ابوظہبی (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ایک شہری کو سوشل میڈیا میں ہتک آمیز کمنٹس کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑی۔
عدالتی فیصلہ
ایکسپریس نے گلف نیوز کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی سول، کمرشل اور انتظامی امور کی عدالت العین نے ایک نوجوان کو کاروباری شخص کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں ہتک آمیز کمنٹس کے ذریعے ان کے دکان کی شہرت خراب کرنے اور اس کے نتیجے میں مالی نقصانات پر انہیں 53 لاکھ 50 ہزار سے زائد پاکستانی روپے (70 ہزار درہم) ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
درخواست کی تفصیلات
رپورٹ کے مطابق کاروباری شخص نے عدالت میں مذکورہ نوجوان کے خلاف درخواست دائر کی تھی اور مالی اور اخلاقی نقصان سمیت کورٹ فیس اور قانونی اخراجات کی مد میں دو لاکھ درہم ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ملزم کا مؤقف
درخواست میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزم نے بیانات شائع کرکے ان کے کاروبار کو تباہ کردیا ہے، جس سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچا ہے اور اس کے نتیجے میں ان کو مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیانات سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کمنٹس کے طور پر پوسٹ کیے گئے تھے۔
عدالت میں شواہد کی درخواست
ملزم نے عدالت سے کاروباری شخص کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی تھی اور انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ درخواست گزار نے جس دورانیہ میں نقصان کا دعویٰ کیا ہے، اس عرصے کے ٹیکس ریٹرنز عدالت وفاقی ٹیکس حکام سے طلب کرے۔
فیصلے کی بنیاد
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزم پچھلے مقدمے میں پہلے ہی مجرم ثابت ہوچکا ہے اور ان پر ہتک عزت کا جرم ثابت ہوتا ہے۔ ملزم کو حکم دیا گیا کہ وہ درخواست گزار کو 70 ہزار درہم ہرجانے کے طور پر ادا کرے۔