عمران خان نے ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہش ظاہر کردی

عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہش
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی خواہش ظاہر کردی۔ پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پارٹی رہنماؤں کے ذریعے نہیں بلکہ براہ راست اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تھوکنے، کوڑا پھینکنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ: پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ
حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ممانعت
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو حکومت کے ساتھ مذاکرات سے بھی منع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو احتجاج کریں گے جبکہ آئینی، قانونی اور پارلیمانی جنگ بھی ساتھ ساتھ جاری رہے گی۔
علیمہ خان کا بیان
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم کی بہن علیمہ خان کا بھی بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ جب چاہے عمران خان بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی کا پیغام ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے پاکستان کیلئے بات کرنے کیلئے تیار ہوں، البتہ وہ ن لیگ کے ساتھ کسی صورت بات نہیں کریں گے۔