اوول آفس میں تقریب، صدر ٹرمپ نے ایلون مسک کو خدمات پر کیا چیز تحفہ میں دے کر الوداع کیا؟ جانیے

ٹرمپ کا ایلون مسک کو تحفہ
واشنگٹن (آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کو "ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی" میں ان کی خدمات پر سونے کی چابی کا تحفہ دے کر رخصت کیا۔ اس موقع پر اوول آفس میں ایک مختصر مگر اہم تقریب بھی منعقد کی گئی، ایلون مسک اب دوبارہ اپنی کمپنیوں جیسے ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی قیادت سنبھالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان مشن اقوام متحدہ نیویارک سے 2 سفارتی افسروں کا تبادلہ
مسک کی خدمات اور اثرات
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ ایلون مسک نے واشنگٹن کے پرانے طریقے بدل ڈالے، ہم نے بے شمار غیر ضروری معاہدے منسوخ کیے اور اربوں ڈالر کی بچت کی۔ تقریب کے دوران ایلون مسک نے سیاہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور ان کی ٹی شرٹ پر 'The Doge father' لکھا تھا جو ان کے ڈوج پروگرام کی طرف اشارہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے ڈوج ٹیم شاندار کام کر رہی ہے اور آگے بھی کرتی رہے گی۔ ایلون مسک نے حکومتی اداروں میں بڑے پیمانے پر کٹوتیاں کیں، جس سے ہزاروں وفاقی ملازمین برطرف یا سبکدوش ہوئے اور کئی حکومتی ایجنسیاں مکمل یا جزوی طور پر بند کر دی گئیں۔
کٹوتیوں کے نتائج
اس دوران کئی اہم سرکاری ادارے متاثر ہوئے، جن میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) شامل ہے جو دنیا بھر میں غریبوں کے لیے امداد فراہم کرتا تھا۔ بوسٹن یونیورسٹی کے محققین کے مطابق ان کٹوتیوں کے باعث لاکھوں افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑیں یا وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ ابتدائی طور پر ایلون مسک نے 1 سے 2 کھرب ڈالر کی بچت کا دعویٰ کیا تھا، مگر بعد میں یہ ہدف کم ہو کر 150 ارب ڈالر رہ گیا۔ ڈوج کی ویب سائٹ پر بچت 175 ارب ڈالر ظاہر کی گئی ہے، مگر اس ڈیٹا میں کئی خامیاں اور مبالغہ آرائیاں سامنے آ چکی ہیں۔