ڈیوڈ بیکھم کا نام سرکاری اعزاز کی لسٹ میں شامل، لیکن وہ ایک غلطی جس کی وجہ سے ان کا نام نکالا جاسکتا ہے

ڈیوڈ بیکھم کا نائٹ ہڈ حاصل کرنے کا خواب حقیقت بننے کو ہے
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانوی فٹبال سٹار ڈیوڈ بیکھم، جنہوں نے کئی سالوں سے نائٹ ہڈ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، بالآخر شاہ چارلس کی سالگرہ کے موقع پر جاری ہونے والی آنرز لسٹ میں شامل کیے جانے والے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس مہینے ’دی گزٹ‘ میں شائع ہونے والی فہرست میں بیکھم کو "سر" کا خطاب دیا جائے گا، جبکہ ان کی اہلیہ وکٹوریہ بیکھم "لیڈی بیکھم" کہلائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ کا اجلاس ساڑھے 12بجے تک ملتوی
نائٹ ہڈ کی تقریب میں ممکنہ مسائل
تاہم دی مرر کے مطابق اس اعزاز کے اعلان سے قبل خبر لیک ہو جانے سے یہ نائٹ ہڈ خطرے میں پڑ گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آنرز لسٹ کے حتمی اعلان سے پہلے کسی بھی قسم کی معلومات کو ظاہر کرنا سختی سے منع ہے، اور اس خلاف ورزی پر نائٹ ہڈ منسوخ بھی کی جا سکتی ہے۔ رائل کمنٹیٹر رچرڈ فٹزویلیئمز نے وضاحت کی کہ اگرچہ اصولی طور پر ایسی لیکس خطرہ بن سکتی ہیں لیکن ماضی میں باربرا ونڈسر اور ٹم ہین مین جیسے مشہور افراد کی آنرز کی خبریں بھی پہلے سامنے آ چکی ہیں، اور پھر بھی انہیں اعزازات ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ لیک بیکھم کی اپنی ٹیم سے ہوئی ہو تو خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں ایسا نہیں لگتا۔
بیکھم کی شاندار خدمات
رچرڈ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بیکھم جیسی شخصیت، جنہوں نے یونیسف کے لیے فلاحی کام کیا، لندن اولمپکس کے لیے کردار ادا کیا، اور شاندار فٹبال کیریئر گزارا، ان کا ابھی تک نائٹ ہڈ نہ پانا بذاتِ خود حیران کن ہے۔