جدہ میں بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی تقریب، بلاول بھٹو کے عالمی مؤقف اور بھٹو خاندان کی کشمیر پالیسی کو خراج تحسین

پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوششیں
جدہ(بیورو رپورٹ) دختر مشرق سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا اور خاص طور پر کشمیر پر پیپلز پارٹی کے دو ٹوک موقف کو دنیا تک پہنچایا۔ اسی طرح شہید بے نظیر بھٹو کے بیٹے، چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی حالیہ دنوں میں بھارت کے پاکستان پر حملہ اور الزامات کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر کے بھارت کو خاموش کرا دیا۔ وزیر اعظم نے بھارتی پروپیگنڈے کو غلط ثابت کرنے اور پاکستان کے موقف کو دنیا میں بتانے کیلئے بلاول بھٹو کا انتخاب کیا، جو ایک اچھا اقدام تھا اور اسکے دور رس نتائج ملے۔ یہ بات جدہ میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی پی پی تصور چوہدری نے کہی۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون ہوائیں، سندھ کے کن علاقوں میں بارش کا امکان ہے؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی
تقریب میں اظہار خیال
تقریب میں مسلم لیگ ن کے چئیرمین چوہدری محمد اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی ابتداء شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اسے پایہ تکمیل تک میاں نواز شریف نے پہنچایا، جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت ہونے کا شرف بخشا۔ چوہدری محمد اکرم نے سالگرہ کی تقریب منعقد کرنے پر پیپلز پارٹی کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ تقریب صرف پیپلز پارٹی نے اپنے کارکنوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ جدہ میں کمیونٹی کے ہمراہ منائی، چونکہ شہید بی بی پاکستان کی بیٹی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار عمران ہاشمی ایکشن سین کے دوران زخمی ہوئے
آزادی کشمیر کی کوششیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے صدر سردار اشفاق نے بھٹو خاندان کی جانب آزادی کشمیر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پالیسی کو آج تک نہ صرف حکومت پاکستان بلکہ آج شہید بی بی کے نوجوان صاحبزادے بلاول بھٹو ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہیں۔ سردار اشفاق نے شہید بے نظیر بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گرینڈ الائنس میں شمولیت کی باتوں سے مولانا کی مقبولیت بڑھ گئی تھی: شبلی فراز
خراج عقیدت
تقریب سے پی پی پی کے رہنما اسد اکرم نے شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کو پوری دنیا میں قدر و منزلت کے ساتھ دیکھا اور جانا جاتا تھا۔ وہ وفاق کے اتحاد کی علامت اور چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں۔ پی جے ایف کے چیئرمین امیر محمد خان اور یونائٹیڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترمہ ایک نڈر اور بہادر خاتون تھیں جنہوں نے مشکل وقت میں بھی جمہوریت کی آبیاری کی اور جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں، جبکہ ان کی ملک اور جمہوریت کے لئے خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
تقریب کا اختتام
پی پی پی کے جوائنٹ سیکریٹری آفتاب ترابی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور اپنا منظوم کلام پیش کیا۔ آخر میں تصور چوہدری کے ہمراہ اسد اکرم، سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر وڑائچ، چوہدری محمد اکرم، پی پی پی یوتھ ونگ خلیج کے جنرل سیکریٹری سردار وقاص، مسلم کانفرنس کے صدر سردار اشفاق اور دیگر نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔