مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل کا الرٹ جاری

مون سون بارشوں کا الرٹ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔ 5 سے 10 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشوں کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خدا نہ کرے کہ کوئی ایٹمی تصادم ہو لیکن پاک بھارت کشیدگی میں یہ خطرہ رہتاہے، بلاول بھٹو
حکام کی ہدایات
ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی میں اضافے کے خدشات ہیں۔ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جبکہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ کو پیشگی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ جات اور عوامی احتیاط
محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ، اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ آسمانی بجلی سے تحفظ کے لئے محفوظ مقامات پر رہنا ضروری ہے۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں، انہیں نشیبی علاقوں میں پانی یا بجلی کی تاروں کے قریب جانے سے منع کریں۔ لوگ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔