سندھ حکومت کا لیاری میں عمارت گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان

سندھ حکومت کی امداد کا اعلان
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ حکومت نے لیاری میں عمارت گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے 10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آپ لوگوں سے زیادتی کر رہے ہیں، اغوا کا کیس ہوتا ہے ہائی کورٹ میں لاپتہ کی درخواست دائر کردیتے ہیں، سندھ ہائی کورٹ وکیل پر برہم
پریس کانفرنس کی تفصیلات
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق، وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے شرجیل میمن اور دیگر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سانحہ لیاری میں جاں بحق 27 افراد کے ورثا کو فی کس 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بلڈنگ کنٹرول آفیسر وہاں تعینات رہے، انہیں انکوائری کا حصہ بنایا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسر کو بھی معطل کردیا ہے۔ کمشنر کراچی انکوائری کمیٹی کی سربراہی کریں گے، جو آئندہ 24 گھنٹوں میں خستہ حال 51 عمارتوں کی تفصیلات فراہم کرے گی۔ رپورٹ آنے کے بعد فیصلہ ہوگا کہ فوری طور پر کونسی عمارتوں کو گرانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور سے سموگ کے بادل نہ چھٹے، آلودہ ترین شہروں میں پہلا نمبر برقرار
مقدمے اور کارروائی کا عندیہ
سعید غنی نے مزید کہا کہ فوری طور پر مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دو دن میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بنائی جائے گی اور غفلت کے مرتکب تمام افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
شرجیل میمن کا بیان
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ لیاری میں عمارت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 27 قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ ہم ورثا کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور لیاری واقعے میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی ایس بی سی اے کو بھی آج معطل کردیا گیا ہے۔ اگر سانحہ لیاری میں کسی سرکاری افسر کی کوتاہی ثابت ہوئی تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔