چینی ایئر چیف کا دورہ پاکستان، پاک فضائیہ کے جنگی تجربے سے سیکھنے میں دلچسپی کا اظہار

چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کا دورہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پیپلزلبریشن آرمی ائیرفورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ نے ائیر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی طاقت اور آپریشنل ہم آہنگی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شام میں امن اور سکیورٹی کا قیام نہایت ضروری، خود مختاری کا احترام کرنا چاہئے: پاکستان
پاک چین تعلقات اور تعاون کی اہمیت
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات تزویراتی ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ خواہشات پر مبنی ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کو پی اے ایف کے اسٹرکچر، اسٹریٹجک اقدامات اور آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے، تربیت، ٹیکنالوجی اور آپریشنل شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جنرل وانگ گینگ کی تعریف
جنرل وانگ گینگ نے آپریشنل تیاریوں اور پاک فضائیہ کی جدید ترین صلاحیتوں کو سراہا۔ سربراہ چینی فضائیہ پی اے ایف کے ملٹی ڈومین آپریشنز سے خاص طور پر متاثر ہوئے اور پی اے ایف کے جنگی تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ معزز مہمان نے حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی مثالی کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ائیرچیف کی پُرعزم قیادت میں پی اے ایف کے پائلٹس کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔