مریم نواز کی طرف سے سی سی ڈی کی مثالیں دینے پر فواد چوہدری کا تبصرہ

وزیراعلیٰ پنجاب کی حمایت اور فواد چوہدری کا رد عمل
لندن (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی تائید کرنے اور سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کو شاباش دینے پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا تبصرہ بھی آگیا۔
مریم نواز کی تقریر کے نکات
ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پیرا کا ہر جوان اور افسر ایماندار ہونا چاہیے۔ انہوں نے سی سی ڈی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ "میں نے سی سی ڈی بنایا تو آج پورے پنجاب میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری آئی۔" انہوں نے مزید کہا کہ "صوبے سے چن چن کر بہترین پولیس افسران پر مشتمل سی سی ڈی بنائی گئی۔ سی سی ڈی سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کو بھی دل کی گہرائی سے شاباش دینا چاہتی ہوں۔ قاتل سارے بھاگ گئے یا پکڑے گئے، جرائم پیشہ عناصر مسجدوں میں اعلان کر رہے ہیں، قرآن پاک اٹھا کر کانوں کو ہاتھ لگا کر توبہ کر رہے ہیں۔"
فواد چوہدری کا تبصرہ
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ "وزیراعلیٰ کی طرف سے ماورائے عدالت قتل کی صریح حمایت ایک مخمصہ اور اس کی حکمرانی کے خیالات کو ظاہر کرتی ہے۔ وہ اور ان کی ٹیم اس پاگل پالیسی کے لئے بھاری قیمت ادا کرے گی جو حکمرانی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اور انتخابی دھوکہ دہی کے ذریعے صوبے پر تھوپ دیے گئے۔"