پاکستان کو چین اور امریکہ کے ساتھ فوری سٹریٹجک اقتصادی مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے، ابراہیم مراد

فوری سٹریٹجک اقتصادی مذاکرات کی ضرورت
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین اور امریکہ کے ساتھ فوری سٹریٹجک اقتصادی مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے۔ پاکستان مغرب کی منڈیوں تک چینی برآمدات کی راہداری بن کر خطے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان ہو گیا
پاکستانی برآمدات میں اضافے کا امکان
ایک بیان میں ابراہیم مراد نے کہا کہ مؤثر معاشی حکمتِ عملی سے پاکستانی برآمدات 100 ارب ڈالر تک بڑھائی جا سکتی ہیں۔ درست اور بروقت پالیسی سازی پاکستان کی معیشت کو استحکام اور ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرنے والا تاریخی موڑ ہو سکتا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) میں نمایاں اضافہ معیشت کو فروغ دے گا، لاکھوں روزگار کے مواقع متوسط طبقے کو استحکام اور ملک کو غربت سے نجات دلائیں گے۔ صنعتی شعبے کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے سے برآمدات اور روزگار دونوں میں بہتری آئے گی۔
چین کی صنعتی پیداوار اور پاکستان کا کردار
ابراہیم مراد کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی 16 ٹریلین ڈالر کی صنعتی پیداوار میں سے ایک تہائی چین میں ہے۔ پاکستان اس تناظر میں پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن مشرقی پیداوار اور مغربی صارفین کو تیز، کم خرچ اور محفوظ رسائی دے سکتی ہے۔ مؤثر ٹیکس و پالیسی اصلاحات غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں گی۔ چین و امریکہ کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں، بروقت اقدامات خطے میں پاکستان کی اقتصادی و جغرافیائی حیثیت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔