آن لائن فراڈ کیس میں ملوث فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے سابق چیئرمین ملک تحسین اعوان گرفتار

ملک تحسین اعوان کی گرفتاری
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق چیئرمین ملک تحسین اعوان کو نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے آخر کار جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک نئے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک شخص پورے ملک کو یرغمال بنا رہا ہے, حکومت سے کہوں گا زبردستی روکے: ملک محمد احمد خان
نئی تحقیقات کا آغاز
تفصیلات کے مطابق ملک تحسین اعوان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ایک ہفتہ قبل آن لائن فراڈ کے سلسلے میں سات ایف آئی آرز درج کی تھیں، اور ان کی فیکٹری پر چھاپے کے دوران 149 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں غیر ملکی بھی شامل تھے۔ تاہم اُس وقت ملک تحسین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے ایڈیشنل سیشن جج سے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر لی۔
یہ بھی پڑھیں: ثنا یوسف قتل کیس،ملزم عدالت پیش ، تفتیشی افسر کی استدعا پر فیصلہ سنا دیا گیا
نئے مقدمے کے الزامات
نئے مقدمے میں اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے فیکٹری میں موجود چینی باشندوں کے جعلی پاسپورٹس اور قیام سے متعلق دیگر غلط دستاویزات فیصل آباد کے سی پی او کو غیر ملکیوں کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست میں جمع کروائیں۔
ملک تحسین اعوان پر چینی شہریوں کے ساتھ کیے گئے معاہدے میں جعل سازی اور ریکارڈ میں رد و بدل کرنے کا بھی الزام ہے۔ ان کے خلاف نیا مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعات 13، 14 اور 16 جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 419، 420 اور 109 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ انہیں فیصل آباد کے چک 54-آر بی، سِروھلی، سانگلہ ہِل روڈ پر واقع اپنی میڈیسن فیکٹری سے گرفتار کیا گیا۔
عدالت میں پیشی
جمعہ کے روز اُنہیں سینئر سول جج محمد اشفاق ملک کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں NCCIA کی درخواست پر پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ انہیں 23 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا.
عدالت پیشی کے موقع پر ضلعی عدالتوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔