صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کا سروسز ہسپتال کا دورہ

صوبائی وزیر کا سروسز ہسپتال کا دورہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت قائم کردہ میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کا جائزہ لیا۔ ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پر قرض اور ادائیگیوں کا بوجھ 89 ہزار 834 ارب تک پہنچ گیا
معذور افراد کی ضروریات کے مطابق سہولیات
اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے ایم ایس سروسز ہسپتال اور سوشل ویلفیئر کے افسران کو ہدایت دی کہ میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کی عمارت کو معذور افراد کی ضروریات کے مطابق بلڈنگ کوڈ کی روشنی میں بنایا جائے تاکہ وہ سہولت اور وقار کے ساتھ اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔ یونٹ میں افراد باہم معذوری کی آسانی کے لیے وہیل چیئرز کے لیے موزوں ریمپ، معذور افراد کے لیے بلڈنگ کوڈ کے مطابق خصوصی واش رومز، صاف ویٹنگ ایریا اور پینے کے ٹھنڈے پانی کی سہولیات فوری طور پر فراہم کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت تناؤ، پی ایس ایل کی براڈکاسٹ کمپنی میں شامل بھارتی عملہ شامل لیکن ان کا کیا بنا؟ جانیے
معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول کے عمل کا جائزہ
انہوں نے معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے آئے ہوئے افراد سے بات چیت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بعد ازاں وزیر نے میڈیکل اسسمنٹ بورڈ کے دفتر کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام پینڈنگ معذوری سرٹیفکیٹس ضروری کارروائی کے بعد جلد جاری کیے جائیں۔ اس ضمن میں متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
حکومتی اقدامات اور حمایت
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت ایسے تمام شہریوں کی بھرپور سرپرستی کر رہی ہے جنہیں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ ہمت کارڈ، معاون آلات، مالی معاونت اور دیگر فلاحی اقدامات اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہیں۔ وزیراعلٰی پنجاب چاہتی ہیں کہ معذوری کسی فرد کے لیے رکاوٹ نہ بنے بلکہ وہ اپنی زندگی کو پورے اعتماد کے ساتھ گزار سکے۔ ہماری کوشش ہے کہ ریاست اُن کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔