کراچی میں غیرملکی باشندے کے گھر ڈکیتی کا مرکزی ملزم گرفتار

کراچی میں چینی شہری کی رہائش سے ڈکیتی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کلفٹن کے علاقے میں چینی شہری کی رہائش گاہ پر ڈکیتی میں مبینہ طور پر ملوث مرکزی ملزم کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ نے مطیع اللہ جان کے جسمانی ریمانڈ کا اے ٹی سی کا فیصلہ معطل کر دیا
مقدمے کی تفصیلات
کلفٹن تھانے میں متاثرہ چینی شہری کی شکایت پر دفعہ 381 (چوری) اور دفعہ 34 (مشترکہ نیت) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق چینی شہری نے بتایا کہ اس نے پچھلے 6 ماہ سے اپنے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک ملازمہ رکھی ہوئی تھی۔ اس دوران تجوری سے 10 لاکھ روپے غائب ہو گئے، ملازمین سے پوچھا لیکن بات دب گئی۔ بعد ازاں مزید 20 لاکھ روپے نقدی اور 10 لاکھ روپے کے زیورات بھی غائب ہو گئے۔ واردات کے کچھ دن بعد جب ملازمہ نے 15 دن کی طبی چھٹی لی تو شک گزار، جس پر ایف آئی آر میں خاتون اور اس کے شوہر کو کیس میں ملزم نامزد کیا۔
ملزم کی گرفتاری
ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبد الخالق پیرزادہ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کراچی کے مختلف علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور ملیر کے علاقے میں روپوش تھا جہاں پولیس نے چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کی بیوی بھی اس ڈکیتی میں شریک تھی، ملزم کی بیوی مختلف گھروں میں ملازمہ کے طور پر کام کرتی، معلومات اکٹھا کرتی اور اپنے شوہر کے ساتھ مل کر واردات کرتی تھی۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اور اس کی بیوی روپ بدل کر وارداتیں کرتے تھے اور بعد میں ملک کے دیگر حصوں میں فرار ہو جاتے تھے۔