مدرسوں کی مانیٹرنگ اور رجسٹریشن ہونی چاہیے، سینئر اداکارہ بشری انصاری

بشریٰ انصاری کا والدین کے نام پیغام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے بچوں پر رحم کریں بلکہ مدرسوں کی مانیٹرنگ کرنے سمیت وہاں پڑھانے والے مولویوں پر بھی نطر رکھیں۔
سوات کے مدرسے میں پیش آنے والا واقعہ
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے کچھ دن قبل سوات کے مدرسے میں استاد کے تشدد میں جاں بحق ہونے والے بچے کے معاملے پر بات کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ سوات میں استاد کے تشدد میں جاں بحق ہونے والے بچے کے والدین سمیت سب کو علم ہے کہ انہیں صرف پڑھائی نہ کرنے پر نہیں مارا گیا بلکہ معاملہ کچھ اور تھا۔
مدرسوں کی مانیٹرنگ کی ضرورت
اداکارہ نے کہا کہ ماضی میں مدرسوں کی مانیٹرنگ اور رجسٹریشن کی باتیں بھی ہوئیں لیکن آج تک کسی مدرسے کی مانیٹرنگ ہوئی، نہ رجسٹریشن کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی وی چینلز پر آنے والے مولویوں اور علماء اکرام کو نہ صرف مدرسوں کی مانیٹرنگ کرنی چاہیے بلکہ انہیں مدرسوں میں پڑھانے والے استادوں پر بھی نظر رکھنی چاہیے۔
والدین سے اپیل
اداکارہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر رحم کریں، وہ کسی مولوی یا استاد کے کہنے پر بچوں کی زندگیوں کے ساتھ نہ کھیلیں، بچوں کی بات سنیں، ان کے خدشات کو دیکھیں۔