اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران کے سپریم لیڈر کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

اسرائیل کی نئی دھمکی
تل ابیب، انقرہ (ویب ڈیسک) اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاتز نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنانے اور ایران پر دوبارہ حملوں کی دھمکی دیدی ہے۔
کاتز کا پیغام
ترکش نیوز ایجنسی "انادولو ایجنسی" نے اسرائیل کے ایک بڑے اخبار یدیوتھ اہروناتھ کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کو جنوبی اسرائیل میں موجود رمن ایئر فورس بیس کے دورے کے موقع پر وزیر دفاع کاتز نے کہا کہ "میں یہاں سے خامنہ ای کو ایک واضح پیغام دینا چاہتا ہوں، اگر آپ اسرائیل کو دھمکیاں دینا جاری رکھیں گے تو ہمارے لمبے بازو پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ دوبارہ تہران پہنچیں گے اور اس دفعہ خود تم تک بھی۔"
ایرانی ردعمل
اسرائیلی وزیر دفاع کے اس دھمکی آمیز بیان پر فوری طور پر ایرانی حکام کا ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل ہی دونوں ممالک کے درمیان 12 روزہ جنگ ختم ہوئی تھی۔ اس دوران ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد امریکہ کے بمبار طیاروں نے بھی ایرانی نیوکلیئر سائٹس پر بمباری کی تھی۔