وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2026 اور پاکستان کا پہلا گرین بلڈنگ کوڈ منظور کر لیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اجلاس
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں حج پالیسی 2026ء کی منظوری دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خانیوال؛ریلوے جنکشن پر مسافر پل گرنے سے ایک شخص جاں بحق
حج کے کوٹے کی تقسیم
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حج کے لیے سرکاری کوٹہ 70 فیصد اور پرائیویٹ 30 فیصد کر دیا۔ 2026ء میں سرکاری حج کی قیمت ساڑھے 11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے تک ہو گی۔ وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری کوٹہ 40 فیصد اور پرائیوٹ 60 فیصد کی سمری بھیجی تھی، لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے حج کا سرکاری کوٹہ 70 فیصد اور پرائیویٹ 30 فیصد کردیا ہے۔
گرین بلڈنگ کوڈ کی منظوری
وفاقی کابینہ نے پاکستان کا پہلا گرین بلڈنگ کوڈ بھی منظور کر لیا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا کہ وزیرِاعظم کا ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کی بچت کا وژن عملی شکل اختیار کرنے لگا ہے۔ گرین بلڈنگ کوڈ وزیرِاعظم کے پائیدار ترقی کے وژن کا عکاس ہے۔
یہ کوڈ چار یا زائد منزلہ نئی عمارتوں پر لاگو ہوگا اور بارش کے پانی کے ذخیرے کے لیے نئے تعمیراتی ضوابط نافذ کرے گا۔ توانائی کی بچت، شمسی ڈیزائن اور گرین چھتیں اب لازمی ہوں گی۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے عمارتوں میں قابلِ تجدید توانائی کی شمولیت بھی ضروری ہے، جو اقوام متحدہ کے ترقیاتی اہداف کی جانب پاکستان کا ایک مثبت قدم ہے۔ یہ اقدام پاکستان میں ماحول دوست اور پائیدار تعمیرات کی طرف اہم پیش رفت ہے۔