1 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزائیں، بیرسٹر گوہر کا ردعمل بھی سامنے آگیا

پی ٹی آئی رہنماؤں کی سزا پر بیرسٹر گوہر کا ردعمل
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے غیر منصفانہ فیصلہ دیا۔ 6 اراکین قومی اسمبلی کو سزا سنائی گئی، یہ وہ لوگ ہیں جو پرامن سیاست کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کا نظریہ سیاست میں انتشار اور تشدد پر یقین نہیں رکھتا۔ جنہیں سزائیں دی گئیں وہ بھی اس اصول کو مانتے ہیں۔ ہم ان سزاؤں کو عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کشیدگی کے باوجود تجارت جاری، بھارت سے درآمدات 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
جمہوریت کے مستقبل پر تشویش
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کو سزا سنائی گئی ہے۔ ان فیصلوں سے جمہوریت تباہ ہو جائے گی۔ ہمارا ایک ہی موقف ہے کہ کمیشن بنایا جائے اور فیئر ٹرائل کے ذریعے سزائیں دی جائیں۔ پی ٹی آئی بہت جلد آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف تمام کیسز سیاسی نوعیت کے ہیں۔ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ جلد کریں گے۔
سیاسی مسائل کے حل کا مطالبہ
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مفاہمت کی بھرپور کوشش کی ہے۔ یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ایوان میں جانا ہے یا بائیکاٹ کرنا ہے، یہ بانی کا اختیار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر عوام کی امید ہے مگر وہ مایوس ہو چکے ہیں۔ اب بھی وقت ہے اس سسٹم کو بچانے کا۔ پہلے بھی کہا تھا کہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے ڈھونڈا جائے۔ عوام کے ووٹ کی قدر کے بغیر سیاست کامیاب نہیں ہوتی۔