حکومت نے 19 لاکھ میٹرک ٹن چینی کنٹرول میں لےلی، 18 شوگر ملز کے مالکان کے نام ای سی ایل میں شامل

چینی بحران میں وفاقی حکومت کا سخت ایکشن
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت نے ملک میں جاری چینی بحران کے پیش نظر شوگر ملز کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے تمام ذخیرہ اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیف اللہ ابڑو کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر وزارت داخلہ کو 30 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم
ایف بی آر کی مانیٹرنگ اقدامات
ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے شوگر ملوں کے گوداموں میں موجود ذخائر سے چینی کی سپلائی کی مانیٹرنگ کے لئے ایف بی آر اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔ اس حوالے سے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ 18 شوگر ملز کے مالکان اور دیگر عناصر کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے ہیں۔ چند دنوں میں ای سی ایل میں ڈالے گئے نام بھی جاری کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دیکھیں گے کتنی سرکاری رہائش گاہوں پر ریٹائرڈ ججز قابض ہیں؟ لاہور ہائیکورٹ
حکومتی کنٹرول اور ذخائر کی منتقلی
اقدامات کے بعد 19 لاکھ میٹرک ٹن چینی شوگر ملز کی بجائے حکومتی کنٹرول میں چلی گئی ہے اور یہ فیصلہ چینی کی مصنوعی قلت اور قیمتیں مزید بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ تمام شوگر ملز میں چینی اسٹاک پر ایف بی آر کے ایجنٹس تعینات کر دیئے گئے ہیں جو شوگر ملز کے گوداموں سے چینی کی سپلائی کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ شوگر ملوں کے چینی اسٹاک پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگادیا گیا ہے۔
گھی ملز کی مانیٹرنگ
واضح رہے کہ اس سے قبل گھی ملز کی پیداوار، اسٹاک اور سپلائی کی مانیٹرنگ کے لئے گھی ملز میں بھی ایف بی آر اہلکار تعینات کئے جاچکے ہیں۔