ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد بھارت کی سرکاری آئل ریفائنریز نے روسی تیل کی خریداری روک دی

بھارت نے روسی تیل کی خریداری روک دی
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد بھارت کی سرکاری آئل ریفائنریز نے روسی تیل کی خریداری روک دی۔
بھارتی ریفائنریز کی جانب سے تیل کی خریداری میں کمی
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ 4 بھارتی آئل ریفائنریز نے روس سے تیل کی خریداری گزشتہ ہفتے روکی۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارت تیل درآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جبکہ روس کے سمندری خام تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔
امریکی صدر کی دھمکیاں
خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے 14 جولائی کو روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر 100 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی تھی۔ گزشتہ روز ٹرمپ نے روس سے اسلحہ اور توانائی خریدنے کے باعث بھارت پر 25 فیصد تجارتی ٹیرف اور اضافی پینلٹی کا اعلان کیا تھا۔