مون سون چھٹے سپیل کا الرٹ جاری، 5 اگست سے بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب کا خدشہ

پی ڈی ایم اے پنجاب کا مون سون بارشوں کا الرٹ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کر دیا۔ 5 اگست سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ بارشوں کے باعث 5 اگست سے دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: کورنگی کریک پر لگی آگ کس طرح بجھی؟ علاقے میں کونسی گیس موجود ہے؟
مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاءالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی ہے۔ اسی طرح لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اور اوکاڑہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ؛ مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے درخواست پر پی ٹی آئی کو دوبارہ نوٹس جاری
انتظامی ہدایات اور تیاری
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے سول ڈیفنس، ریسکیو و متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اگست میں مون سون بارشیں گزشتہ ماہ کی نسبت زیادہ ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
عوام کو احتیاطی تدابیر
ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ شدید بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ بارشوں کے باعث کچے مکانات اور مخدوش عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔ مسافر اور سیاح موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اربن و فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور اپنی گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے نہ گزاریں۔