امریکی حکومت کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دینا فیلڈمارشل اور حکومت کا کریڈٹ ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان کا خیر مقدم
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو امریکہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے امریکہ کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستانی مؤقف امریکہ تک پہنچانے کا کریڈٹ حکومت اور فیلڈ مارشل کو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل کا “روبوٹک کتا” عدالتی کیس میں پھنس گیا
دہشت گردی کے خلاف عالمی اتحاد کی ضرورت
انہوں نے کہا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے معصوموں کا خون بہایا، عام شہریوں کو جان سے مارنے کی اجازت کسی بھی مقصد کے لیے نہیں دی جا سکتی، دنیا کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا بیان
دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ امریکہ نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے حوالے سے پاکستان کا موقف تسلیم کیا اور یہ ہماری کامیاب سفارتی کاری کا نتیجہ ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ بھارت کی پراکسیز ہیں، فتنہ الہندوستان کے سپانسرز بھی جلد دہشتگردوں کی فہرست میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فیصلے سے پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف لڑنے میں مدد ملے گی، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جتنا مضبوط ہو گا دنیا اتنی محفوظ ہو گی۔