کپل شرما کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو انہیں مات دے دوں گا، تابش ہاشمی

تابش ہاشمی کا انٹرویو
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف پاکستانی کامیڈین تابش ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارتی کامیڈین کپل شرما کا شو ان کے بجائے سنیل گروور کی وجہ سے دیکھا جاتا ہے۔معروف میزبان تابش ہاشمی جیو پوڈ کاسٹ کے مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنی ذاتی و پیشہ وارانہ زندگی کے بارے میں کھل کر باتیں کیں۔
پسندیدہ اداکار اور دیگر موضوعات
جیو نیوز کے معروف میزبان تابش ہاشمی نے جیو پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پسندیدہ اداکار عمران اشرف ہیں، وہ کہیں بھی کام کرسکتے ہیں، وہ بہت اچھی اداکاری کرلیں گے اور میں ان کے ساتھ فلم نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ عائشہ عمر اور درفشاں اچھی لگتی ہیں سب ہی پیاری ہیں لیکن ہماری بیگم سے اچھی کوئی نہیں لگتی۔
کپل شرما اور سنیل گروور کا کردار
کپل شرما اور اپنے شو سے متعلق سوال پر تابش ہاشمی کا کہنا تھاکہ میرا اور کپل شرما کا شو ٹاک شو ہے اور اس میں دو عنصر ہوتے ہیں، ایک میزبان اور ایک مہمان لیکن کپل شرما کے شو میں اور بھی عنصر ہیں اور وہ شو کپل کے بجائے سنیل گروور کی وجہ سے دیکھا جاتا ہے، میں بھی ان کی وجہ سے دیکھتا ہوں۔
سنیل گروور کی قابلیت
انہوں نے کہا کہ سنیل گروور کپل شرما سے اوپر کی چیز ہے، وہ بہت اچھا کام کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ کپل شرما نے بہت محنت کی ہے، وہ مجھ سے بہت پیچھے سے آئے ہیں، آگے نکل چکے ہیں اور یہ بھارت میں ہی ممکن ہے، پاکستان کے سب سے بڑا سٹار بھی بھارت کے سب سے بڑے سٹار سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔
اپنی کامیابی کا اظہار
ایک سوال کے جواب میں کہاکہ میرے آتے ہی 4 سال میں پاکستان کے کسی آدمی سے موازنہ نہیں ہو رہا بلکہ کپل شرما سے ہو رہا ہے تو یہ میرے لیے بھی اچیومنٹ ہے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ اگر کپل شرما کے ساتھ پرفارم کرنے کا موقع ملا تو انہیں مات دے دوں گا، میں اس سے بہت بڑا سوچتا ہوں، میں ان سے موازنہ ہی نہیں کرتا، وہ بڑے اداکار ہیں، وہ ہر چیز میں آگے ہیں۔