نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بنگلادیش میں ملاقات
ڈھاکہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات کی بحالی
’’جیو نیوز‘‘ نے ترجمان دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات کی بحالی اور نوجوانوں کے درمیان روابط بڑھانے اور کنیکٹیویٹی بہتر بنانے پر بھی بات ہوئی۔ نائب وزیراعظم نے پروفیسر محمد یونس کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں۔ ملاقات میں خطے کی حالیہ صورتحال اور علاقائی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ نائب وزیراعظم نے بنگلادیشی حکومت کی بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
تفصیلی ملاقات برائے دو طرفہ تعلقات
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلا دیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جن میں اعلیٰ سطحی روابط، تجارت و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں تعاون اور انسانی ہمدردی کے مسائل شامل تھے۔