پنجاب حکومت کا اہم فیصلہ، ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کا دائرہ کار قیدیوں کی بیٹیوں تک بڑھا دیا گیا

تاریخی اقدام: دھی رانی پروگرام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت صوبہ بھر کی جیلوں میں قید افراد کی بیٹیوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے ایک تاریخی اور انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے۔ ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کا دائرہ کار اب قیدیوں کی معصوم بیٹیوں تک بڑھا دیا گیا ہے، تاکہ وہ بھی زندگی کی خوشیوں اور بنیادی سہولتوں سے محروم نہ رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد خواجہ سعد رفیق کا موقف بھی آگیا
نئی امید کی کرن
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے اعلان کیا کہ یہ پروگرام ان بیٹیوں کے لیے امید کی نئی کرن بنے گا جو اپنے والدین کی قید کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ جیلوں میں موجود قیدیوں کا مکمل ڈیٹا جمع کریں تاکہ ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کے تحت ان بیٹیوں کو شامل کیا جا سکے۔
ملتان ڈویژن کی شمولیت
سہیل شوکت بٹ نے بتایا کہ صرف ملتان ڈویژن سے اب تک 124 قیدیوں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں جن میں اپنی بیٹیوں کی شادیاں’’دھی رانی پروگرام‘‘کے تحت کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ قدم اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب ہر بیٹی کے ساتھ کھڑا ہے اور اب کوئی بھی ’’دھی رانی‘‘ اپنے والد کی قید کی وجہ سے اپنی خوشیوں سے محروم نہیں رہے گی۔