سب کو رضاکار بن کر قوم کو مشکل سے نکالنا چاہیے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی کا اظہار افسوس
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنان اور رضاکاران کو امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے اور دکھی انسانیت کی بڑھ چڑھ کر مدد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سی سی ڈی کے نام پر تین پولیس اہلکاروں نے دو شہریوں کو اغوا کرکے گھروالوں سے لاکھوں روپے وصول کرلیے
ریلیف کے حوالے سے ہدایات
حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی اور الخدمت کے مرکزی، صوبائی اور دیگر ذمہ داران سے رابطہ کیا، معلومات لیں اور ریلیف کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔
یہ بھی پڑھیں: اپر دیر میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گرد جہنم واصل، 2شہری شہید
ماحولیاتی تبدیلیوں کا اثر
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ شمالی علاقہ جات میں بڑی تباہی کے بعد اب پنجاب سیلاب کی زد میں آ چکا ہے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سب مل کر اور دیگر وابستگیوں کو پسِ پشت ڈال کر متاثرین کی خدمت کریں، اور اس سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن بہترین پلیٹ فارم ہے۔ تمام افراد کو رضاکار بن کر قوم کو مشکل سے نکالنا چاہیے۔
بچاؤ اور بحالی کی سرگرمیاں
امیر جماعت نے کہا کہ الخدمت کے بڑے پیمانے پر بچاؤ اور بحالی (ریسکیو اور ری ہیبلی ٹیشن) کے آپریشنز جاری ہیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار ملک بھر میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ ایسے میں سب کو آگے بڑھ کر خدمت کے اس سفر کا حصہ بننا چاہیے۔








