بھارت میں لٹیری دلہنوں کا 9 رکنی گروہ گرفتار کرلیا گیا

بھارت میں دھوکہ دہی اور فراڈ سے شادی رچانے والا گروہ پکڑا گیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں دھوکہ دہی اور فراڈ سے شادی رچانے اور شہریوں کو لوٹنے والا 9 رکنی گروہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گروہ کی فعالیت
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گروہ میں شامل 4 خواتین سادہ لوح افراد سے جھوٹی شادی رچا کر ان کا قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوجاتی تھیں۔ یہ گینگ بھارتی ریاست بہار کے چمپارن ضلع میں سرگرم تھا۔ اس گینگ میں پہلے سے شادی شدہ خواتین بھی شامل تھیں جو غریب لوگوں کو شادی کا لالچ دے کر سونا، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر منظر سے غائب ہوجاتی تھیں۔
پولیس کی کارروائی
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر مینا ٹنڈ کے علاقے میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے مبینہ ماسٹر مائنڈ علی احمد سمیت 9 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ گینگ کافی عرصے سے بگاہہ اور بیتیہ میں سرگرم تھا، ملزمان سے ایک گاڑی، 2 موٹرسائیکلیں اور 9 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔