پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کے منصوبے سے متعلق سابق بھارتی جنرل کی ویڈیو پر شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا

شاہد آفریدی کا بھارتی جنرل کے بیان پر ردعمل
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کے منصوبے کے بارے میں سابق بھارتی جنرل کی ویڈیو پر سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا۔
ویڈیو کا پس منظر
سوشل میڈیا پر جیو نیوز کے سینئر اینکر حامد میر کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں بھارتی فوج کے ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرکے پاکستان کو تباہ کرنے کا منصوبہ بیان کر رہے ہیں۔ یہ ویڈیو پاکستان کے خلاف بھارتی آبی جارحیت کے عزائم کو ظاہر کرتی ہے۔
شاہد آفریدی کا مؤقف
سابق بھارتی جنرل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پانی زندگی کا سرچشمہ ہے، اسے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا یا اس بارے میں سوچنا بھی غیر انسانی اور انتہا پسندانہ رویہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمی تبدیلیوں کے بڑھتے اثرات ہر سال تباہی کی شدت کو بڑھا رہے ہیں، وقت آگیا ہے کہ ارباب اختیار ہر سیاسی اختلاف سے بالا تر ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کریں۔
پانی کی حفاظت کے لیے اقدامات
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈیمز کی تعمیر اور پانی کے تحفظ سمیت ماحولیاتی استحکام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔ اگر ہم نے آج متفقہ حکمت عملی نہ اپنائی تو آنے والے سالوں میں یہ تباہی ہمارے بس سے باہر ہو جائے گی۔ آئیں، مل کر پانی اور زندگی کو بچائیں۔
پانی زندگی کا سرچشمہ ہے اسے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا یا اس بارے میں سوچنا بھی غیر انسانی اور انتہا پسندانہ رویہ ہے۔ موسمی تبدیلیوں کے بڑھتے اثرات ہر سال تباہی کی شدت کو بڑھا رہے ہیں وقت آگیا ہے کہ اربابِ اختیار ہر سیاسی اختلاف سے بالا تر ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کریں۔ ڈیمز… https://t.co/tl8lH5tfg4
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) September 1, 2025
بھارتی جنرل کا خطرناک منصوبہ
واضح رہے کہ ایک انٹرویو میں ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کا منصوبہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس پانی روکنے کی جتنی صلاحیت ہے، ہم اسے روکیں گے اور ایک دن رات کو اچانک پانی پاکستان کی جانب چھوڑ دیں گے۔ ان کے مطابق ایک حد سے زیادہ پاکستان کے پاس پانی روکنے اور جمع کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، جس سے وہاں سیلاب آئے گا اور پاکستان اس پانی کا معقول استعمال نہیں کرسکے گا۔
پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی اہلیت
کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے مزید کہا کہ اسی طرح ہم دوبارہ پانی کو روک لیں گے، خاص طور پر گرمیوں میں جب فصلوں کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے، اس وقت پانی روک لیں گے اور بارشوں کے موسم میں جب پانی کی ضرورت نہیں ہوتی، اس وقت پانی چھوڑ دیں گے، اس طرح پانی کو ہم ہتھیار کے طور پر استعمال کرسکیں گے۔