پنجاب میں درختوں کی نیلامی کی آڑ میں جنگلوں کی کٹائی کا دھندہ بند کر دیا گیا

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جنگلات کی کٹائی پر پابندی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں جنگلات کی کٹائی اور لکڑی کی نیلامی پر فوری پابندی عائد کردی گئی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر پنجاب آئینی حدود میں رہیں، مشورے اپنی جماعت کو دیں: عظمیٰ بخاری
نئی نیلامی کے قواعد و ضوابط
پنجاب حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار جنگل کی لکڑی کی نیلامی کا روایتی نظام ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے، جدید ٹیکنالوجی اور میپنگ کی مدد سے نئے اور شفاف قواعد و ضوابط بنائے جائیں گے۔ جنگلات کی لکڑی کی نیلامی پر پابندی کا باضابطہ حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے، نیلامی کے نام پر جنگلات کے درخت بے رحمی سے کاٹ لئے جاتے تھے اور پیسہ چند جیبوں میں چلا جاتا تھا۔ جنگلات، جنگلی حیات اور ماہی پروری کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل کو حکم نامے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مستقبل کی منصوبہ بندی
نوٹیفکیشن کے مطابق ایندھن سمیت جنگلات کی ہر قسم کی لکڑی کی نیلامی پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ہے، وزیراعلیٰ نے یہ اقدام پنجاب کے جنگلات کے تحفظ اور زمین کو کٹاؤ سے محفوظ بنانے کے لئے کیا ہے، مستقبل میں نیلامی سے قبل اعلیٰ معیار کی وڈیوز اور فوٹوز بھی دی جائیں گی۔