حضور پاکؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہی ہر کامیابی پنہاں ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) عید میلادالنبی ﷺ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ سلام ان پر جو رحمت للعالمین ﷺ ہیں۔ سلام ان پر جو وجۂ تخلیق کائنات ہیں۔ سلام ان پر جو فخر موجودات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھینس چوری کی کوشش ناکام ، گاؤں میں بھینس چور پولیس کی فائرنگ سے ہلاک
عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد
وزیراعلیٰ مریم نواز نے عید میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے اور کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ پوری امت مسلمہ کیلئے خوشی کا پیغام ہے۔ نبی کریم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری پوری کائنات کیلئے باعث رحمت و سعادت ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات نے بنی نوع انسانیت کو اندھیروں سے اوج ثریا تک پہنچا دیا۔ حضور پاک ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہی ہر کامیابی پنہاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شکر ہے سب ماؤں کے لال گھروں کو لوٹ آئے،وزیراعلیٰ پنجاب کا کیڈٹ کالج وانا کے طلباء اور اساتذہ کی بحفاظت بازیابی پر اظہار تشکر
تعلیمات اور امن کا پیغام
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ نے امن وآشتی، احترام انسانیت، مساوات، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم، زیادتی، ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ ممکن ہے۔ نبی اکرم حضرت محمد ﷺ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کریں۔
سیرتِ طیبہؐ کی پیروی
نبی کریم ﷺ کی زندگی قرآن کی عملی تفسیر ہے۔ ریاست اور سیاست دونوں کی کامیابی صرف اسی وقت ممکن ہے جب سیرتِ طیبہ ﷺ کی اتباع کی جائے۔ لازم ہے ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ کے مطابق بنائیں۔








