قطر کا اسرائیلی حملے پر شدید ردِعمل
قطر کی اسرائیلی حملے کی مذمت
دوحہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) قطر نے دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیلی حملے کو "بزدلانہ کارروائی" قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے اپنے بیان میں کہا کہ قطر اس حملے کی "سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے"۔ ان کے مطابق یہ حملہ رہائشی عمارتوں پر کیا گیا جہاں حماس کے سیاسی بیورو کے کئی ارکان مقیم تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈکی بھائی کو گرفتار کرنے والے NCCIA افسر سرفراز چوہدری کو حساس ادارے نے اٹھالیا، شہباز گل کا دعویٰ
بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی
الجزیرہ کے مطابق بیان میں کہا گیا "یہ مجرمانہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور قطری عوام اور قطر میں مقیم باشندوں کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔"
یہ بھی پڑھیں: ترک صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر اظہارِ افسوس اور مدد کی پیشکش
قطر کی سلامتی کا عزم
قطر نے واضح کیا کہ وہ "اسرائیل کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے اور خطے کی سلامتی سے کھلواڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔ قطر اپنی سلامتی اور خودمختاری پر کسی بھی حملے کو قبول نہیں کرے گا۔"
تحقیقات کا عمل
ترجمان نے مزید کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات اعلیٰ سطح پر جاری ہیں اور جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، انہیں عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔








