فحش مواد کے لیے تصاویر اور آواز کا استعمال، ایشوریہ رائے عدالت پہنچ گئیں

ایشوریہ رائے کا اے آئی پلیٹ فارمز کے خلاف قانونی قدم
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ ایشوریہ رائے نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پلیٹ فارمز کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔
درخواست کی تفصیلات
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اداکارہ کے وکلا کی ٹیم نے متعدد اے آئی پلیٹ فارمز کے خلاف ان کی تصاویر، ویڈیوز اور آواز کے نامناسب استعمال پر نئی دہلی کی عدالت میں مشترکہ درخواست دائر کردی ہے۔
عدالت سے استدعا
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ آن لائن پلیٹ فارمز کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ فحش مواد کے لیے اداکارہ کا نام، تصاویر اور آواز بغیر اجازت اور غیر قانونی طور پر استعمال کرنے سے روکا جائے۔
تشویش کی وجوہات
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اداکارہ کا نام، تصاویر اور آواز مختلف اے آئی پلیٹ فارمز کی جانب سے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے نامناسب اے آئی ویڈیوز کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے اداکارہ کی کردار کشی ہو رہی ہے۔ لہٰذا، یہ سب بند ہونا چاہیے۔
جعلی ویب سائٹس کی نشاندہی
ایشوریہ رائے کے وکلا کی ٹیم نے درخواست میں ایک فہرست فراہم کی ہے جس میں اداکارہ کے نام سے منسوب جعلی و فحش ویب سائٹس کے نام درج ہیں۔
غیر قانونی ای کامرس
درخواست میں ان ای کامرس کی ویب سائٹس کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں جو اداکارہ کی اجازت کے بغیر ان کے نام سے اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔
عدالت کا فیصلہ
واضح رہے کہ اداکارہ نے ابتدائی طور پر کسی پلیٹ فارم پر ہرجانے کا دعویٰ دائر نہیں کیا۔ ایشوریہ رائے کی درخواست پر عدالت نے نومبر تک تمام فریقین کو دلائل سمیت طلب کر لیا ہے جبکہ کیس کا باضابطہ آغاز جنوری 2026 میں ہونے کا امکان ہے۔