پنجاب میں سیلاب سے اموات کی تعداد 76 تک پہنچ گئی، 42لاکھ سے زائد افراد متاثر

پنجاب میں سیلاب کی صورتحال
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے باعث اموات کی تعداد 76 تک پہنچ گئی جبکہ اب تک 42 لاکھ 9 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستوں پرہم الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن تک کچھ نہیں کرسکتے، ایاز صادق
نقصانات کی تفصیلات
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق دریائے راوی، ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 4ہزار سے زائد موضع جات متاثر ہوئے۔
دریائے چناب میں سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 2190 موضع جات، ستلج میں 651 موضع جات اور راوی میں 1495 موضع جات متاثر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: جوڈیشل ملازمین کے الاؤنس سے متعلق کیس میں سندھ حکومت کی درخواست مسترد
ریلیف اور امدادی سرگرمیاں
ریلیف کمشنر نبیل جاوید کے مطابق سیلاب میں پھنس جانے والے 21 لاکھ 90 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 404 ریلیف کیمپس اور 488 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 421 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں 15 لاکھ 81 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ڈیموں کی حالت
ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق منگلا ڈیم 90 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے۔ دریائے ستلج پر موجود انڈین بھاکڑا ڈیم 90 فیصد تک بھر چکا ہے، پونگ ڈیم 99 فیصد جبکہ تھین ڈیم 97 فیصد تک بھر چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔